مظفر نگر۔26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے مظفر نگر میں بیوی کو بیکوقت تین طلاق دینے والے شوہر کے خلاف نئے قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اسٹیشن ہائوز آفیسر (ایس ایچ او) انیل کا پروان نے کہا کہ اترپردیش کے ریاستی قوانین کمیشن کی ہدایت پر شوہر شمیم احمد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شمیم احمد نے جو چوک محلہ کا ساکن ہے۔ سات سال قبل نازیہ پروین سے شادی کی تھی اور اپنے سسرالی رشتہ داروں سے مزید جہیز کا مطالبہ کررہاتھا۔ پروین نے جو یہاں ایک اسکول میں کام کرتی ہے، الزام عائد کیا کہ پولیس نے ابتداء میں مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اس کو خواتین کمیشن سے رجوع ہونا پڑا تھا۔ احمد کی بہن کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے جس نے مبینہ طور پر شمیم احمد پر اپنی بیوی کو طلاق دینے کے لیے دبائو ڈالا تھا۔