بیٹی کی شادی کیلئے قرض کے بوجھ سے پریشان باپ کی مبینہ خودکشی

   

حیدرآباد ۔ 20 نومبر ( سیاست نیوز) بیٹی کی شادی کیلئے حاصل کئے گئے قرض سے بوجھ تلے دبے ہوئے ایک باپ نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ یہ افسوسناک واقعہ بہادر پورہ کے علاقہ کشن باغ میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق 14 نومبر کو محمد رحیم الدین ساکن شریف نگر کشن باغ نے اپنی بیٹی کی شادی دھوم دھام سے شادی خانہ میں کی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ رحیم الدین نے بیٹی کی شادی کیلئے مختلف افراد سے قرض حاصل کیا تھا اور مقروض ہوگیا تھا ۔ قرض کی ادائیگی سے پریشان رحیم الدین نے اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ یہ بات اُس وقت سامنے آئی جب رحیم الدین کے افراد خاندان نے اس کے کمرے کو کھولنے کی کوشش کی لیکن وہ اندر سے کمرہ بند کر کے پھانسی لے لی تھی ۔