بیٹے نے 80 سالہ ضعیف ماں کی دیکھ بھال کرنے سے انکار کردیا

   

شدید سردی میں ماں سڑک کے کنارے پڑی رہی، خونی رشتوں کو شرمسار کرنے والا واقعہ

حیدرآباد۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) خونی رشتوں کو شرمسار کرنے والا ایک اور واقعہ ریاست تلنگانہ میں پیش آیا جہاں ایک بیٹے نے اپنی 80 سالہ ضعیف ماں کو خون منجمد کردینے والی سردی میں سڑک کے کنارے چھوڑ دیا اور مزید ذمہ داری سنبھالنے سے انکار کردیا۔ اس واقعہ نے پاک رشتوں کو پامال کردیا ہے۔ ایک ماں اپنے بچوں کو 9 ماہ کوکھ میں رکھ کر انہیں جنم دیتی ہے۔ خود بھوکی رہتے ہوئے بچوں کا پیٹ بھرتی ہے۔ انہیں تھوڑا سا بخار آنے یا تکلیف ہونے پر تڑپ کر رہ جاتی ہے۔ راتوں کو خود جاگ کر بچوں کو چین کی نیند سلاتی ہے۔ ان کیلئے کھانے پینے کا انتظام کرتی ہے۔ ہر مصیبت میں قریب کھڑی ہوتی ہے۔ دودھ پلانے سے لیکر بڑے ہونے تک ہر چیز کا خیال رکھتی ہے۔ شادیاں کراتی ہے۔ جائیداد میں برابر کا حصہ دار بناتی ہے۔ ایک ماں چار پانچ بچوں کی پرورش کرتی ہے۔ جب وہ بوڑھی ہوجاتی ہے تو بچے ضعیف والدین کو بوجھ سمجھتے ہیں۔ ایسے ہی اس ضعیف خاتون کی داستان ہے۔ ضلع کریم نگر کے ایک چھوٹے سے گاؤں تاڈیکل شنکر پٹنم سے تعلق رکھنے والی بی لچھماں کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ اس ضعیف خاتون کے شوہر کے ساتھ بڑے بیٹے راجیا اور ایک بیٹی کا چند سال قبل انتقال ہوگیا تھا۔ ضعیف خاتون کی عمر میں جس طرح اضافہ ہوتا گیا اس طرح خاندان بھی ٹوٹ کر بکھرتا رہا جس کے نتیجہ میں ضعیف خاتون کے دو بیٹوں کے ارکان خاندان بار باری لچھماں کی دیکھ بھال کررہے تھے۔ راجیا کا خاندان مہاراشٹرا میں رہتا ہے۔ جب ماں کی دیکھ بھال کی باری ختم ہوئی تو لچھماں کو گاڑی میں لاکر تاڈیکل گاؤں میں اتار دیا لیکن چھوٹے بیٹے کے گھر والوں نے ضعیف ماں کو گھر میں داخل ہونے سے روک دیا، جس پر بڑے بیٹے راجیا کا بیٹا ضعیف دادی کو اس کے پرانے گھر کے پاس سڑک کے کنارے چھوڑ کر چلا گیا۔ مقامی لوگوں نے ضعیف خاتون لچھماں کو سردی میں کانپتے ہوئے سڑک کے کنارے دیکھا اور ڈائیل 100 کو اس کی اطلاع دی۔ پولیس نے اس کے چھوٹے بیٹے کو بلایا اور اس کی کونسلنگ کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے اپنی بوڑھی ماں کی کوئی پرواہ نہیں کی اور گھر لیجانے سے صاف انکار کردیا اور کہا کہ اگر چاہے تو اس کی ماں کو پرانے گھر منتقل کردیا جائے۔ وہ کھانے پینے کا انتظام کردے گا۔ پولیس نے ضعیف خاتون کو اس کے پرانے گھر میں چھوڑ دیا۔ن