بی آر ایس اور بی جے پی کو سیاسی لڑائی عدالت کے باہر لڑنے ہائیکورٹ کا مشورہ

   

حیدرآباد ۔ 7 جنوری (سیاست نیوز) ایڈوکیٹ جنرل (اے جی) سے یہ بتانے کیلئے کہتے ہوئے کہ بی آر ایس حکومت نے بی جے پی کی درخواست کو سنگل بنچ کی جانب سے مسترد کرنے کے بعد بھی اپیل کیوں داخل کی، تلنگانہ ہائیکورٹ کی ڈیویژن بنچ نے جمعہ کو کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کو ان کی سیاسی لڑائی کیلئے ہائیکورٹ کو ایک پلیٹ فارم نہیں بنانا چاہئے۔ اے جی کی اس دلیل پر کہ سی بی آئی، بی آر ایس ارکان اسمبلی پوچنگ کیس کے فائلس کیلئے حکومت پر دباؤ ڈال رہی ہے، ردعمل میں ہائیکورٹ نے اس کیس کو پیر کیلئے ملتوی کردیا اور سی بی آئی سے کہا کہ پیر تک تفصیلات دینے کیلئے حکومت کو مجبور نہ کیا جائے۔ اے جی نے عدالت کو بتایا کہ ان کے وکیل دشینت دیو نئی دہلی میں ہیں اور پیر تک وقت دینے کیلئے زور دیا۔ اے جی نے عدالت سے درخواست کی کہ اس کیس کی سماعت آن لائن کی جائے کیونکہ دشینت دیو پیر کو بھی نئی دہلی میں ہوں گے۔ چنانچہ اے جی کی اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے کہا کہ اس کیس کی سماعت پیر کو 2:30 بجے دن ورچول کی جائے گی۔