لمحہ آخر میں پارٹی کے تین امیدوار مقابلہ سے دستبردار ہوسکتے ہیں
حیدرآباد ۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے بی آر ایس کو بجھتا ہوا چراغ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے تین لوک سبھا امیدوار لمحہ آخر میں مقابلے سے دستبردار ہوسکتے ہیں۔ بی آر ایس کے 10 سے زیادہ ارکان اسمبلی کانگریس سے رابطہ میں ہے۔ محمد علی شبیر نے کل سابق چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کانگریس کے 20 سے زیادہ ارکان اسمبلی بی آر ایس سے رابطہ میں رہنے کا دعویٰ کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اقتدار سے محروم ہوتے ہی بی آر ایس کا تلنگانہ میں کھیل ختم ہوگیا ہے۔ عوام کے ساتھ کے سی آر بی آر ایس قائدین کے اعتماد سے محروم ہوگئے ہیں۔ کانگریس حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہورہے ہیں جس سے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ بی آر ایس کے مایوس کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے کیلئے کے سی آر جھوٹ بول رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہیکہ تلنگانہ میں بی آر ایس مقابلہ میں نہیں ہے۔ پارٹی کے کمزور موقف کو دیکھتے ہوئے بی آر ایس کے امیدوار مقابلہ کرنے سے گھبرا رہے ہیں۔ تین امیدوار لمحہ آخر میں مقابلہ سے دستبردار ہوجانے کیلئے سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔ حکومت کے مشیر نے کہا کہ کے سی آر کا جیل جانا یقینی ہے۔ جیل میں ڈبل بیڈروم مکان بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ کے سی آر کے تمام ارکان خاندان کو ایک ہی جگہ رکھا جائے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد بی آر ایس پارٹی خالی ہوجائے گی۔ بی آر ایس کے دورحکومت میں کبھی بھی کسانوں کے نقصانات کی پابجائی نہیںکی گئی جبکہ کانگریس حکومت الیکشن کے بعد کسانوں کے نقصانات کی پابجائی کرے گی۔2