بی آر ایس رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات

   

شمس آباد ۔ 19 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے سی آر کی جانب سے 20 کانگریسی ارکان اسمبلی کے ربط میں ہونے سے متعلق بیان کے فوری بعد بی آر ایس کے ایک اور رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور جلد ہی کانگریس میں باقاعدہ شمولیت کا امکان ہے۔ کے سی آر نے دعویٰ کیا تھا کہ الیکشن کے بعد تلنگانہ میں کانگریس حکومت غیر مستحکم ہوجائے گی اور 20 کانگریسی ارکان ان سے ربط میں ہیں۔ کے سی آر کے دعوے کے اندرون 24 گھنٹے راجندر نگر سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس رکن پرکاش گوڑ نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ پرکاش گوڑ نے آج صبح چیف منسٹر سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی ۔ چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی اور کانگریس قائد فہیم قریشی کے ہمراہ پرکاش گوڑ نے چیف منسٹر سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بہت جلد اپنے حامیوں کے ہمراہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔ بی آر ایس کے 3 ارکان اسمبلی گزشتہ دنوں کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں جن میں ٹی وینکٹ راؤ (بھدرا چلم) ، ڈی ناگیندر (خیریت آباد) ، کے سری ہری (اسٹیشن گھن پور) شامل ہیں۔ پرکاش گوڑ بی آر ایس کے چوتھے رکن اسمبلی ہوں گے جو کانگریس میں شامل ہوں گے ۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کو 39 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کئی ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت کے لئے تیار ہیں اور وہ لوک سبھا چناؤ سے عین قبل یا پھر چناؤ کے فوری بعد شمولیت کا فیصلہ کرسکتے ہیں ۔ کانگریس نے ڈی ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کے بغیر ہی لوک سبھا حلقہ سکندرآباد سے امیدوار بنایا ہے۔ ریونت ریڈی اور پرکاش گوڑ کی ملاقات کا ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگو دیشم میں ریونت ریڈی اور پرکاش گوڑ قریبی ساتھی رہ چکے ہیں اور انہوں نے تازہ ترین سیاسی صورتحال میں کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرکاش گوڑ نے حلقہ راجندر نگر کے مقامی مسائل اور کارکنوں کے دباؤ کے تحت کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ سابق وزیر پی مہیندر ریڈی، سابق رکن اسمبلی مینم پلی ہنمنت راؤ ، نریندر ریڈی اور فہیم قریشی نے صبح میں پرکاش گوڑ سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کی ترغیب دی۔