حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کی جانب سے پیر کو ایکس پر پوسٹ کیا گیا ایک ٹوئیٹ ، جس میں کہا گیا کہ اس سال کے اختتام تک بی آر ایس میں صرف 2BHK رہ جائیں گے ۔ وائرل ہوگیا ہے ۔ اس ٹوئیٹ میں بتایا گیا کہ 2B سے مراد باپ اور بیٹا ، H سے مراد ہریش اور K سے مراد کویتا ہے ۔ یہ ٹوئیٹ ایک ایسے وقت کافی دلچسپ ہوگیا ہے جب قائدین بی آر ایس کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں اور اس سے دوری اختیار کررہے ہیں ۔ بی آر ایس کے کئی قائدین بشمول موجودہ ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی اور سابق ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ نے کانگریس اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ اتوار کو بی آر ایس کے رکن اسمبلی دانم ناگیندر اور چیوڑلہ کے ایم پی رنجیت ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بھی ہیں اتوار کو کہا کہ اب انہوں نے صرف ایک گیٹ ہی کھولا ہے اور اس گیٹ کو بی آر ایس کے خالی ہوجانے تک کھلا رکھیں گے ۔۔