بی آر ایس پارٹی کا نام تبدیل کر کے دوبارہ ٹی آر ایس رکھنے کا جائزہ

   

پارٹی حلقوں میں مشاورت ، ماہرین قانون سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پارٹی کا نام بی آر ایس سے تبدیل کر کے دوبارہ ٹی آر ایس رکھنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں قانونی رائے حاصل کی جارہی ہے ۔ ریاست میں دن بہ دن بی آر ایس کا گراف گرتے جارہا ہے ۔ جس کے پیش نظر پارٹی قیادت پارٹی کے نام کی تبدیلی پر غور کررہی ہے ۔ تحریک سے جنم لینے کا ٹی آر ایس کو اعزاز ہے ۔ تلنگانہ جذبہ سے ٹی آر ایس کا تعلق رہا ہے ۔ پارٹی کے نام سے لفظ تلنگانہ کے علحدہ ہوجانے پر پارٹی بغیر روح کے جسم میں تبدیل ہوجانے کا پارٹی کے قائدین میں احساس پیدا ہوگیا ہے ۔ پارٹی کا نام تبدیل کرتے ہوئے ٹی آر ایس سے بی آر ایس کرنے پر اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو شکست ہوجانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد تلنگانہ بھون میں منعقدہ اسمبلی حلقوں کے جائزہ اجلاس میں پارٹی کے کئی قائدین نے پارٹی کا نام تبدیل کرنے پر سوال کیا ہے ۔ بیشتر قائدین نے برسر عام یا بند کمروں کے اجلاسوں میں اس کی تائید کی ہے ۔ یہ تاثر پیش کیا گیا پارٹی کا نام تبدیل کرنے سے پارٹی اور عوام کے درمیان دوریاں پیدا ہوگئی ۔ تلنگانہ سے پارٹی شناخت ہونے کی وجہ سے پارٹی کو دو مرتبہ اقتدار حاصل ہوا تھا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پارٹی کے نام کی تبدیلی کے لیے پارٹی حلقوں میں دوبارہ مشاورت شروع ہوچکی ہے ۔ ماہرین قانون سے پارٹی قیادت رائے حاصل کررہی ہے ۔ پارٹی کے ایک سینئیر قائد نے اس کی تصدیق بھی کی ہے ۔ ایک تجویز یہ بھی سامنے آئی ہے کہ دو پارٹیاں رکھی جائے ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور ملک کے دوسری ریاستوں میں بی آر ایس رکھا جائے ۔ اس پر بھی پارٹی میں مذاکرات جاری ہیں ۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کو دوبارہ ٹی آر ایس میں تبدیل کرنے سے دوبارہ پارٹی کو عروج حاصل ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔۔ 2