بی آر ایس پارٹی کے اثاثہ جات 1,618 کروڑ روپئے ،اسمبلی انتخابات میں 197 کروڑ خرچ کئے گئے

   

حیدرآباد :29جنوری ( سیاست نیوز) بی آر آر پارٹی ایک بار پھر قومی سطح پر موضوع بحث بن گئی ہے ۔ 31مارچ 2024ء تک اس پارٹی کے اثاثہ جات 1618 کروڑ روپئے تک پہنچ گے ۔ بی آر ایس پارٹی نے آڈٹ تفصیلات سنٹرل الیکشن کمشین کو روانہ کیا ہے جس کے بعد سنٹرل الیکشن کمیشن نے اسکا سرکاری طور پر اعلان کیا ہے جس کے مطابق بی آر ایس پارٹی کے پاس بینک بیالنس کے طور پر 1110 کروڑ روپئے موجود ہے ۔ مالیاتی سال 2023-24 میں پارٹی کو عطیات کے ذریعہ 580.52 کروڑ روپئے وصول ہوئے جبکہ 101.76 کروڑ روپئے بینکوں میں فکسڈ ڈپازٹ کے ذریعہ موصول ہوئے ۔ اس طرح جملہ 685.5 کروڑ روپئے وصول ہوئے جن میں 254کروڑ روپئے خرچ ہوئے ۔ 31مارچ 2023 تک پارٹی کے پاس 680.20کروڑ روپئے فنڈز تھے ۔ 31مارچ 2024 تک اس میں مزید 430کروڑ روپیوں کا اضافہ ہوا جس سے پارٹی کا بینک بیالنس بڑھ کر 1110تک پہنچ گیا ۔ بی آر ایس پارٹی نے نومبر 2023 کے اسمبلی انتخابات میں تقریباً 197کروڑ روپئے خرچ کرنے کا آڈٹ رپورٹ کے ذریعہ انکشاف کیا ہے ۔ یہ صرف سرکاری طور پر خرچ کئے گئے مصارف ہیں ، اس سے زیادہ خرچ کرنے کا بی آر ایس پارٹی پر الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔ بی آر ایس پارٹی نے اپنے ہر ایک امیدوار کو فی کس 40لاکھ روپئے کا چیک انتخابی اخراجات کیلئے بی فارم کے ساتھ پیش کیا ہے ۔ اس طرح پارٹی کے تمام امیدواروں میں 47 کروڑ روپئے تقسیم کئے گئے ۔ اس کے علاوہ انتخابی جلسوں کیلئے 30کروڑ روپئے تک خرچ کئے گئے ہیں ۔ مختلف اخبارات ، ٹیلی ویژن اور دیگر اقسام کے اشتہارات پر 75کروڑ روپئے خرچ کئے ۔ انتخابی مہم اور پبلسٹی پر مزید 42 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا آڈٹ رپورٹ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے ۔ اس طرح اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی نے 197.55 کروڑ روپئے خرچ کرنے کے تعلق سے سنٹرل الیکشن کمیشن کو سرکاری طور پر واقف کرایاہے ۔2