حیدرآباد 2 مارچ ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کی جانب سے کالیشورم مسئلہ کو سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ اقتدار پر رہتے ہوئے اس نے پراجیکٹ کی سلامتی اور تحفظ کو نظر انداز کیا ہے اور اب کانگریس حکومت کو مورد الزام ٹہرایا جا رہا ہے ۔ وزیر موصوف گروہا جیوتی اسکیم کے تحت منتھنی میں زیرو برقی بلز تقسیم کرتے ہوئے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کانگریس کی چھ ضمانتوں کے تعلق سے تیقن دیا کہ حکومت مرحلہ وار انداز میں اپنی تمام چھ ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی اور اس پر کسی طرح کے اندیشوں یا شبہات کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔