بی آر ایس ڈوبتی کشتی ، مفاہمت خارج از امکان

   

بی آر ایس قائدین کی بی جے پی میں امکانی شمولیت، بنڈی سنجے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری(سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نے لوک سبھا چناؤ میں بی آر ایس کے ساتھ مفاہمت کو خارج از امکان قرار دیا اور کہا کہ بی آر ایس دراصل ڈوبتی کشتی ہے جس پر کوئی بھی سوار ہونا نہیں چاہے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں بی آر ایس کو تلنگانہ میں ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوگی اور بی جے پی کی نشستوں میں اضافہ یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے سینئر قائدین کی بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کے سی آر مفاہمت کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 400 سے زائد نشستوں کے ساتھ نریندر مودی حکومت تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کرے گی۔ کانگریس اور بی آر ایس میں مفاہمت کا الزام عائد کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اس کے باہر دونوں پارٹیاں بی جے پی کے خلاف مل کر کام کر رہی ہیں۔ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل دونوں پارٹیوں کا اتحاد تھا اور بی آر ایس ارکان کو کانگریس وزارت میں شامل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مقبولیت سے پریشان دونوں پارٹیاں لوک سبھا چناؤ میں مفاہمت ضرور کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کو بی جے پی میں شمولیت سے روکنے کیلئے کے سی آر اور ان کے قریبی افراد بی جے پی سے مفاہمت کا اشارہ دے رہے ہیں۔ کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کے الزامات پر بنڈی سنجے نے کہا کہ حکومت اگر سنجیدہ ہو تو سی بی آئی تحقیقات کا اعلان کرنا چاہئے ۔ 1