باریک چاول کو ہی بونس فراہم کرنے حکومت کے فیصلے کے خلاف کے سی آر کا اعلان
حیدرآباد /15 مئی ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے حکومت کی جانب سے مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف جمعرات کو ریاست کے تمام اسمبلی ہیڈ کوارٹرس پر احتجاجی دھرنے منظم کرنے کی پارٹی کیڈر کو ہدایت دی ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوسرے ہی دن کسانوں سے دھان خریدنے اور فی کنٹل دھان پر 500 روپئے بونس فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ تاہم چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے فی الحال صرف باریک چاول کو ہی بونس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کو مخالف کسان حکومت قرار دیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ ریاست میں 90 فیصد کسان موٹا چاول کی کاشت کرتے ہیں۔ اس کی اطلاع ہونے کے باوجود حکومت کا فیصلہ مخالف کسان ہونے کا دعوی کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ بی آر ایس کے سربراہ نے کہا کہ کانگریس حکومت نے ابھی کسانوں کے بینک کھاتوں میں ریتو بندھو اسکیم کی رقم جمع نہیں کی ۔ ریتو بھروسہ دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کسانوں کو دھوکہ دیا گیا ۔ کسانوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے بی آر ایس پارٹی 16 مئی کو ریاست بھر میں اسمبلی ہیڈ کوارٹرس پر احتجاجی دھرنا منظم کر رہی ہے ۔ کے سی آر نے بی آر ایس پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کو کسانوں کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسانوں سے دھان نہیں خریدا گیا ۔ 2