بی آر ایس کا عوام کے دلوں پر راج : ہریش راؤ

   

بھروسہ کا دوسرا نام کے سی آر ، میدک میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے کہا کہ اقتدار سے محروم ہونے پر پارٹی کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کوئی بھی مصیبت آنے پر ایک گھنٹے میں پارٹی کارکنوں کو دستیاب رہنے کا تیقن دیا ۔ میدک میں وائسرے گارڈن حویلی گھن پور منڈل میں بی آر ایس کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بدقسمتی سے ریاست میں بی آر ایس اقتدار سے محروم ہوگئی ہے ۔ مگر اس سے پارٹی کارکنوں کو ہرگز مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بلکہ نئے جوش و خروش کے ساتھ لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں شروع کردینے کا مشورہ دیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ لوک سبھا میدک حلقہ میں 7 کے منجملہ 6 اسمبلی حلقوں میں بی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ لہذا میدک حلقہ لوک سبھا میں بی آر ایس کا موقف کافی مستحکم ہے ۔ بھارتی اکثریت سے پارٹی امیدوار کو کامیاب بنانا پارٹی کارکنوں کی ذمہ داری ہے ۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کی وہ خود ذمہ داری قبول کریں گے اور پارٹی امیدواروں کے حق میں زبردست انتخابی مہم چلائیں گے ۔ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے قائدین و کارکنوں نے پارٹی کی کامیابی کے لیے غیر معمولی کام کیا ہے ۔ پارٹی کارکنوں سے اظہار تشکر کرنے کے لیے یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ بی آر ایس حکومت میں 20 گھنٹے برقی سربراہ کی گئی ہے ۔ کانگریس حکومت نے خود اسمبلی میں اس کا اعتراف کیا ہے ۔ حیدرآباد کو دریائے گوداوری کا پانی لایا گیا ۔ ضلع میدک کو سنگور کا پانی تقسیم کیا گیا ہے ۔ ہریش راؤ نے سوال کیا کہ کیا کبھی کانگریس قائدین نے کوئی چیک ڈیم تعمیر کیا ہے ۔ بی آر ایس حکومت نے کالیشورم ، کونڈا پوچماں کے ذریعہ زرعی شعبہ کو پانی سے سیراب کیا ۔ کے سی آر کا دوسرا نام بھروسہ ہے ۔ بی آر ایس پارٹی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے ۔ کورونا بحران کے باوجود رعیتو بندھو اسکیم کے ذریعہ کسانوں کو فائدہ پہونچایا گیا ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں کوئی بھی فلاحی اسکیم روکی نہیں گئی ۔ کانگریس حکومت نے اسمبلی میں وائیٹ پیپر جاری کرتے ہوئے سب کچھ جھوٹ بولا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک کے دوران وہ میدک کی جیل میں تین دن رہے ۔۔ 2