تین چیف منسٹرس اروند کجریوال ، بھگونت مان ، وجین ، سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو شرکت متوقع
ہم خیال جماعتوں کے قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سرگرم
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سربراہ بی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے قومی پارٹی تشکیل دینے کے بعد اس کا پہلا جلسہ عام تلنگانہ کے سرزمین کھمم میں 18 جنوری کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس جلسہ عام میں اروند کجریوال چیف منسٹر ( دہلی ) ، بھگونت مان چیف منسٹر (پنجاب ) ، وجین چیف منسٹر ( کیرالا ) کے علاوہ سابق چیف منسٹر (اترپردیش ) اکھلیش یادو کے علاوہ دوسری جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے ۔ علاقائی جماعت ٹی آر ایس کو قومی جماعت بی آر ایس میں تبدیل کرنے کے بعد پہلا جلسہ عام ملک کے دارالحکومت دہلی میں منعقد کرنے کا پہلے اعلان کیا گیا تھا تاہم اب چیف منسٹر کے سی آر اس کو تلنگانہ کے سرزمین پر منعقد کرتے ہوئے ہم خیال جماعتوں کے قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سنکرانتی کے بعد بی آر ایس کی سرگرمیاں ملک بھر میں توسیع کرنے کی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں ۔ کھمم کو سیاسی طور پر سب سے زیادہ باشعور ضلع تصور کیا جاتا ہے ۔ جہاں سے بی آر ایس کی سرگرمیاں شروع کرنے کی چیف منسٹر کے سی آر نے منصوبہ بندی تیار کی ہے ۔ ضلع کھمم دونوں تلگو ریاستوں کا سرحدی علاقہ ہے یہاں جلسہ عام منعقد کرنے سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عوام کو اس جلسہ عام کا حصہ بنانے کیلئے بی آر ایس کے پہلے جلسہ عام کیلئے کھمم کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے ریاستی وزراء اور بی آر ایس کے قائدین مصروف ہوگئے ہیں ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے 10 اکٹوبر کو دسہرہ کے موقع پر ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ۔ اُس دن پارٹی کا نام تبدیل کرنے کی سنٹرل الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی گئی سنٹرل الیکشن کمیشن نے 8 دسمبر کو بی آر ایس کو منظوری دے دی ۔ 9 دسمبر کو چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں بی آر ایس کا اجلاس منعقد ہوا اور ساتھ ہی دہلی میں بی آر ایس آفس کا بھی 14 دسمبر کو افتتاح کیا گیا اور پارٹی دفتر پر بی آر ایس کا پرچم لہرایا گیا ۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل قومی سطح پر بی جے پی کا متبادل تیار کرنے کیلئے سرگرم رول ادا کررہے ہیں ۔ تاحال مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس اور کئی پارٹی کے قومی و علاقائی قائدین سے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر ملاقات کرچکے ہیں ۔ بی آر ایس کے ایجنڈہ اور اس کی قومی پالیسیوں پر تفصیلی روشنی ڈال چکے ہیں تمام منصوبہ بندی کے بعد وہ میدان میں اتر رہے ہیں ۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں بی آر ایس پارٹی کے ریاستی صدر کا اعلان کرچکے ہیں ۔ کھمم کے سرحد میں چھتیس گڑھ بھی واقع ہے وہاں بھی تلگو داں عوام کی اچھی خاصی تعداد ہے ۔ چھتیس گڑھ میں بھی بی آر ایس کو تشکیل دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کرناٹک ، مہاراشٹرا ، تاملناڈو ، گجرات ، آندھرا پردیش ، پنجاب ، چھتیس گڑھ کے علاوہ دیگر ریاستوں کے مختلف جماعتوں کے قائدین کے سی آر سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی اقدامات سے بے حد متاثر ہیں ۔ بی آر ایس سے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے ۔ صحیح وقت کا انتظار کررہے ہیں ۔ بی آر ایس پارٹی کے مختلف قائدین کو ملک بھر میں دوسری جماعتوں کے قائدین بالخصوص حکمران یا اپوزیشن اُن قائدین سے رابطہ بنائے ہوئے جو اپنی اپنی جماعتوں میں ٹھکرائے گئے ہیں ۔ ناراض قائدین یا ٹکٹ سے محروم ہونے والے قائدین سے رابطہ بنایا جارہا ہے۔ ۔ن