بی آر ایس کو اورنگ آباد میں جلسہ کی اجازت سے انکار

   

رام نومی یاترا اور شہر کے نام کی تبدیلی کے بعد کشیدہ حالات پر پولیس کا فیصلہ

حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیتی کو اورنگ آباد میں جلسہ عام کے انعقاد کی اجازت نہیں دی گئی ۔مہاراشٹرا پولیس نے مختلف وجوہات کی بناء پر 24 اپریل کو منعقد ہونے والے بی آر ایس کے جلسہ عام کو اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ چیف منسٹرتلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ راشٹر سمیتی کو بھارت راشٹر سمیتی میں تبدیل کرنے کے بعد پارٹی کی سرگرمیوں کو ملک بھر میں تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں دو جلسہ عام منعقد کئے ہیں اور اب تیسرے جلسہ عام کے لئے اورنگ آباد میں عام خاص میدان کا انتخاب کیا گیا تھا اور اس مقام پر جلسہ عام کے انعقاد کی تیاریاں جاری تھیں کہ مہاراشٹرا ریاستی پولیس انتظامیہ نے جلسہ کے منتظمین کو جگہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس پر منتظمین نے جلسہ عام کی جگہ کی تبدیلی کے بعد پولیس کو مطلع کیا لیکن اس کے باوجود بھی مہارارشٹرا پولیس نے چیف منسٹرتلنگانہ و صدر بھارت راشٹرسمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے جلسہ عام کو اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔چیف منسٹر نے شہر حیدرآباد میں دی گئی دعوت افطار کے دوران کئے گئے خطاب میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں بھارت راشٹر سمیتی کو غیر متوقع ردعمل حاصل ہورہا ہے اسی لئے وہ ریاست مہاراشٹرا پر توجہ دے رہے ہیں۔ بھارت راشٹر سمیتی نے اورنگ آباد میں 24 اپریل کو جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن رام نومی کے موقع پر اورنگ آباد میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے علاوہ اورنگ آباد کا نام تبدیل کئے جانے کی وجہ سے پائے جانے والی بے چینی کو نظر میں رکھتے ہوئے پولیس کی جانب سے جلسہ کی اجازت نہ دیئے جانے کے متعلق اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ بی آر ایس پارٹی کو حاصل ہونے والی عوامی تائید کو دیکھتے ہوئے بی آر ایس قائدین ممکنہ حد تک زیادہ سے زیادہ جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے عوام تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔