بی آر ایس کو میدک لوک سبھا حلقہ میں ضمانت نہیں بچے گی: وینکٹ ریڈی

   

ہریش راؤ کا استعفیٰ کا ڈرامہ ، کسانوں کے قرض معافی پر عمل آوری
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سابق زیر ہریش راؤ کے استعفیٰ کو محض ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ ہریش راؤ اپنی مرضی سے شہیدان تلنگانہ کی یادگار نہیں پہنچ سکتے۔ ان کی آمد سے محسوس ہورہا ہے کہ جمہوری تلنگانہ تشکیل پاچکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ہریش راؤ نے صرف ایک مکتوب جاری کیا ہے جسے استعفیٰ نہیں کہا جاسکتا۔ اسمبلی سے استعفیٰ اسپیکر کے طئے شدہ فارمیٹ کے تحت پیش کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ 15 اگست سے قبل کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے۔ اس بارے میں کسانوں کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ کے بیان کی بی آر ایس میں کوئی اہمیت نہیں ہے اور وہاں صرف کے سی آر کے بیان کی اہمیت ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہاکہ کے سی آر نے ایس سی طبقات کو تین ایکر اراضی فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا ۔ بس یاترا کے ذریعہ کے سی آر حکومت پر الزام تراشی کر رہے ہیں لیکن گزشتہ 10 برسوں میں اپنی ناکامیوں کو فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس عوام سے کئے گئے وعدوں کی بہر صورت تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں تلنگانہ کیلئے میں نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں 8 نشستوں پر کامیابی توکجا بی آر ایس کو میدک لوک سبھا حلقہ میں ضمانت بھی نہیں بچے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے فارم ہاؤز سے حکومت چلائی جبکہ گزشتہ تین ماہ میں ریونت ریڈی 60 مرتبہ سکریٹریٹ گئے۔1