تیجسوی سوریا کا پتلا نذر آتش ، بی جے پی ایم پی سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کی طلبہ تنظیم ( بی آر ایس وی ) نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریا کی جانب سے تلنگانہ کی تشکیل کو ہند پاک کی تقسیم سے جوڑنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آج نامپلی پر بی جے پی آفس کا گھیراؤ کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ احتجاجی مظاہرین نے تیجسوی سوریا کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان کا پتلا نذر آتش کیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ احتجاجی طلبہ قائدین نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے تلنگانہ شہدا کے قربانیوں کی توہین کرنے اور جذبات کو ٹھیس پہونچانے کا الزام عائد کیا ۔ احتجاج کے دوران بی آر ایس وی اور بی جے وائی ایم کے طلبہ کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی جس سے حالات کشیدہ ہوگئے ۔ پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کیا اور متعدد طلبہ کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا ۔ بی آر ایس وی کے قائدین نے انتباہ دیا کہ اگر تیجسوی سوریا نے فوری طور پر تلنگانہ کے عوام سے معافی نہ مانگی تو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا ۔۔ 2/m/b