بی آر ایس کی متوفیہ رکن اسمبلی نندیتا کے پسماندگان کو کے ٹی آر کا پرسہ

   

حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے آج پارٹی کی متوفی رکن اسمبلی جی ایل نندیتا کی قیامگاہ پہنچ کر پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ سابق وزراء محمد محمود علی، ملاریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ کے ٹی آر سکندرآباد کنٹونمنٹ کے علاقہ میں واقع نندیتا کی قیامگاہ پہنچے۔ انہوں نے والدہ اور دیگر ارکان خاندان کو پرسہ دیا اور پارٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ کے ٹی آر جو بیرونی دورہ پر تھے ہفتہ کی رات حیدرآباد واپس ہوئے اور آج صبح متوفی رکن اسمبلی کی قیامگاہ پہنچے۔ جمعہ کے دن آوٹر رنگ روڈ پر سڑک حادثہ میں رکن اسمبلی نندیتا کی موت واقع ہوئی تھی۔ حادثہ میں ان کا پی اے بھی زخمی ہوا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد رکن اسمبلی کے افراد خاندان نے پولیس میں پی اے کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی نندیتا نے سفر کے موقع پر سیکوریٹی گارڈز کو ساتھ نہیں رکھا تھا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران نندیتا کو یہ تیسرا حادثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بیرونی دورہ کے سبب فوری طور پر پرسہ دینے کیلئے نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ نندیتا کی موت ان کیلئے ناقابل یقین صدمہ ہے اور ایک سال قبل ہی والد کی موت سے خاندان صدمہ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی خاندان کے ساتھ رہے گی اور ہر ممکن مدد کی جائے گی۔1