پارٹی تبدیل کرنے والے 10 ارکان اسمبلی اور پروٹوکول کی خلاف ورزی کی یادداشت پیش
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کی قیادت میں بی آر ایس ارکان اسمبلی کا ایک وفد اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے والے 10 ارکان اسمبلی کی رکنیت فوری منسوخ کرنے اور جن اسمبلی حلقوں میں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ان اسمبلی حلقوں میں پروٹوکول پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ایک یادداشت پیش کی ۔ اس وفد میں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ٹی ہریش راؤ ، سبیتا اندرا ریڈی ، سنیتا لکشما ریڈی ، پدما راؤ گوڑ ، وی پرشانت ریڈی ، ایم کرشنا راؤ ، ایم راج شیکھر ریڈی ، کے وینکٹیش ، ایم گوپال ، ایم گوپی ناتھ ، ڈاکٹر کے سنجے ، کے پی ویویکانند گوڑ شامل تھے ۔ اسپیکر اسمبلی نے بی آر ایس کی یادداشت پر ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا ۔ بعد ازاں اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پرا یک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ایک پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہو کر دوسری پارٹی میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کے بارے میں تین ماہ میں فیصلہ لیا جانا چاہئے۔ ریاست میں بی آر ایس کے ٹکٹ اور بی فارم پر کامیاب ہونے والے 10 ارکان اسمبلی نے حکمران کانگریس جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے بی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی کی فوری اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کی اسپیکر اسمبلی کو یادداشت پیش کی گئی ہے اور بی آر ایس پارٹی امید کرتی ہے کہ اسپیکر قانون انحراف پالیسی کے تحت فیصلہ کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت پروٹوکول کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہے ۔ سرکاری پروگرامس میں منتخب ارکان اسمبلی کو نظر انداز کرتے ہوئے شکست خوردہ کانگریس امیدواروں کو اہمیت دے رہی ہے ۔ اس مسئلہ پر بھی توجہ دینے کی اسپیکر اسمبلی سے خواہش کی گئی ہے ۔ بی آر ایس پارٹی ان دو مسائل کو اسمبلی کے سیشن میں موضوع بحث بنائے گی ۔۔ 2