بی آر ایس کے باغی ارکان کے خلاف درخواست کی ہائی کورٹ میں سماعت

   

بی آر ایس کی شکایت اسپیکر تک پہنچانے سرکاری وکیل کو عدالت کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے تین ارکان اسمبلی کے خلاف بی آر ایس کی جانب سے اسپیکر اسمبلی سے کی گئی شکایت پر الجھن کے بارے میں استفسار کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بی آر ایس کی شکایت کو اسپیکر کے دفتر تک پہنچائیں اور پیر تک ہائی کورٹ کو اس کی اطلاع دیں ۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے بی آر ایس ارکان اسمبلی کے سری ہری ، وینکٹ راؤ اور ڈی ناگیندر کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست کی سماعت کی ۔ یہ تینوں بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد کانگریس میں شامل ہوگئے۔ چونکہ انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ نہیں دیا ، لہذا بی آر ایس انہیں نااہل قرار دینے کی اپیل کر رہی ہے۔ ڈی ناگیندر کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ اسپیکر کے پاس فیصلہ کرنے کیلئے تین ماہ کا وقت ہے، لہذا درخواست گزاروں کو عجلت کی ضرورت نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اسپیکر کو شکایت کی وصولی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایک مرحلہ پر جسٹس وجئے سین ریڈی نے کہا کہ وہ سکریٹری قانون ساز اسمبلی کو درخواست وصول کرنے کی ہدایت دیں گے۔ ایڈوکیٹ جنرل سدرشن ریڈی نے فاضل جج کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کی کوئی بھی ہدایت نہ دیں۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے امور مقننہ کے سرکاری وکیل کو ہدایت دی کہ بی آر ایس کی درخواستیں حاصل کرتے ہوئے اسپیکر تک پہنچائیں۔ عدالت میں بی آر ایس کے وکلاء نے گورنمنٹ پلیڈر کو اپنی درخواستیں حوالے کرتے ہوئے اکنالجمنٹ حاصل کیا۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 29 اپریل کو ہوگی۔1