بی آر ایس کے پروفیسر یشپال بھینگے کانگریس میں شامل

   

ناندیڑ: ناندیڑ ضلع کے سماجی، تعلیمی اور سیاسی شعبہ کی معروف شخصیت اور بی آر ایس پارٹی کے رہنما پروفیسر یشپال بھینگے نے اتوار (14 اپریل) کو ناگپور میں ڈاکٹر وشوارتنا بابا صاحب امبیڈکر کوخراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، ریاستی صدر نانا پٹولے، قانون ساز ایوان کے لیڈر بالاصاحب تھوراٹ، مانیکراؤ ٹھاکرے، اتل لونڈے کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔تعلیمی اور سماجی شعبہ میں معروف شخصیت پروفیسر یشپال بھینگے نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے ذریعے فعال سیاست میں قدم رکھا۔ دریں اثنا وہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ونچیت بہوجن اگھاڑی کے امیدوار تھے۔ انہیں تقریباً پونے دو لاکھ ووٹ ملے تھے۔ اس کے بعد این سی پی کے کوٹے سے قانون ساز کونسل کے رکن کے عہدے کے لیے ان کے نام کی سفارش کی گئی لیکن اس وقت کے گورنر کے غیر آئینی موقف کی وجہ سے انہیں موقع نہیں مل سکا۔حال ہی میں انہوں نے بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ تاہم کانگریس کے قومی لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے بعد پروفیسر یشپال بھینگے نے کانگریس کی قیادت میں کام کرنے پر اصرار کیا۔دریں اثنا وہ اتوار کو وہ ناگپور گئے اور ڈاکٹر وشوارتنا بابا صاحب امبیڈکر کوخراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔