پیرزادی گوڑہ کارپوریشن میں رکن اسمبلی ملا ریڈی کو دھکہ
حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر ملا ریڈی کو اس وقت دھکہ لگا جب پیرزادی گوڑہ میونسپل کارپوریشن میں بی آر ایس کے 15 کارپوریٹرس نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ پیرزادی گوڑہ میونسپل کارپوریشن پر بی آر ایس کا کنٹرول تھا لیکن اس فیصلہ سے کانگریس کی عددی طاقت میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈپٹی میئر شیو کمار کی قیادت میں 15 کارپوریٹرس نے گوا میں کیمپ کررکھا ہے۔ جواہر نگر اور بوڈ اپل کارپوریشنوں پر کانگریس نے پہلے ہی قبضہ کرلیا ہے اب پیر زادی گوڑہ میونسپل کارپوریشن پر نظر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی ملا ریڈی نے کارپوریٹرس کو انحراف سے روکنے کی کوشش کی لیکن ناکامی ہوئی۔ کارپوریشن کا منگل کے دن اجلاس ہنگامہ کی نذر ہوگیا تھا۔ ملا ریڈی نے بی آر ایس کے کارپوریٹرس کو اغوا کرنے اور دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا تاہم شمولیت اختیار کرنے والے کارپوریٹرس نے رضاکارانہ طور پر شمولیت کا دعویٰ کیا ہے۔ واضح رہے کہ رکن اسمبلی ملاریڈی نے حال ہی میں کانگریس میں شمولیت کی مساعی کی تھی لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی اہم رکاوٹ بن گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملاریڈی کو بی جے پی کی جانب سے پیشکش کی گئی ہے جبکہ تلگودیشم نے ریاستی صدر کے عہدہ کا پیشکش کیا ہے۔ 1