تلنگانہ میں بی جے پی ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اتر پردیش کے انتخابات کے بارے میں غلط بیانی کی تھی، دراصل ٹی راجہ سنگھ نے اتر پردیش میں دوسرے مرحلے کی پولنگ کے بعد ایک ویڈیو جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے اتر پردیش کے عوام کو دھمکی دی تھی کہ وہ ان کی پارٹی کو ووٹ دیں۔ تلنگانہ پولیس نے اتوار کو کہا کہ بی جے پی ایم ایل اے کیخلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی کی جارہی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی اس معاملہ پر اعتراض کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ٹی راجہ سنگھ کی سرزنش کی ہے اور انہیں 72 گھنٹے تک انتخابی مہم سے روک دیا ہے۔دراصل ٹی راجہ سنگھ نے کہا تھا کہ یوپی میں دوسرے مرحلے میں بی جے پی کے خلاف کافی ووٹنگ ہوئی ہے۔ ایسے میں بی جے پی کو ووٹ نہ دینے والے علاقوں کو نشان زد کیا جائے گا، انہوں نے کہا تھا کہ جنہوں نے بی جے پی کو ووٹ نہیں دیا ہے،سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کے لیے بلڈوزر منگوالیا ہے۔