بی جے پی حکومت میں کوئی بڑا ماہر اقتصادیات نہیں: ترنمول

   

نئی دہلی: مودی حکومت پر بڑے اقتصادی گھپلے کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ترنمول کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کے بلند بانگ دعوے کرنے والی اس حکومت کے پاس کوئی بڑا ماہر اقتصادیات نہیں ہے ۔لوک سبھا میں قاعدہ 342 کے تحت اقتصادی وائٹ پیپر کی تجویز پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ترنمول کانگریس کے سوگتا رائے نے کہا کہ مودی حکومت میں بڑے اقتصادی گھپلے ہوئے ہیں۔ نوٹوں کی منسوخی اسی کا نتیجہ ہے اور 15 لاکھ روپے ملک کے لوگوں کے کھاتوں میں نہ آنا اس گھپلے کا نتیجہ ہے ۔ کہاں ہیں نیرو مودی، میہول چوکسی، وجے مالیا جنہوں نے بینکوں کو ہزاروں کروڑ کا دھوکہ دیا؟ یہ تمام گھپلے کرنے والے ملک سے باہر مزے کر رہے ہیں اور بی جے پی حکومت کو اس کے لیے ملک سے معافی مانگنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی پر جو رپورٹ ویرپا موئیلی کی قیادت میں تیار کی گئی تھی اسے عام کیوں نہیں کیا جا رہا ہے ۔ اس حکومت میں صرف چند سرمایہ داروں کے لیے کام ہو رہا ہے ، اس لیے اس حکومت میں ملک ترقی نہیں کر سکتا۔