قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، ریونت ریڈی اور مہیش کمار گوڑ سے ربط
حیدرآباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس قائد پرینکا گاندھی کے خلاف دہلی کے بی جے پی لیڈر رمیش بدھوری کے بیان کی ہر کسی کو مذمت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تہذیب میں خواتین کا احترام شامل ہے لیکن بی جے پی لیڈر نے پرینکا گاندھی کے خلاف انتہائی قابل اعتراض ریمارکس کرتے ہوئے نہ صرف خواتین کے جذبات کو مجروح کیا بلکہ سماج کو شرمسار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کی خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی کے پاس خواتین کا کوئی احترام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اعلیٰ قائدین کو عوام سے غیر مشروط معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ بی جے پی قائد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بی جے پی دفتر پر یوتھ کانگریس کارکنوں کی ہنگامہ آرائی پر تبصرہ کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ رمیش بدھوری کے بیان سے برہم ہوکر کانگریس کارکنوں نے بی جے پی دفتر پر حملہ کردیا اور یہ جان بوجھ کر کی گئی کارروائی نہیں بلکہ ایک جذباتی اقدام ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ اس واقعہ کے ساتھ ہی انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے بات چیت کی۔ چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس دونوں نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ کانگریس پارٹی گاندھیائی اصولوں پر کاربند ہے اور وہ تشدد پر یقین نہیں رکھتی۔ تشدد کانگریس کلچر کا حصہ نہیں ہے اور اس طرح کے حملوں کی کانگریس پارٹی حوصلہ افزائی نہیں کرے گی۔ تلنگانہ میں پرجا پالنا کے تحت عوامی جان و مال کا تحفظ ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ لاء اینڈ آرڈر کے مسئلہ پر کسی سے بھید بھاؤ نہیں ہوگا۔ پارٹی کوئی بھی ہو قانون اپنا کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حملہ اور جوابی حملہ سے امن و ضبط کی صورتحال متاثر ہوگی۔ 1