چیف منسٹر کے تعلق سے شکایات پر بھی شکوک : اسد اویسی
حیدرآباد 22 اپریل ( سیاست نیوز ) مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے ایک بی جے پی رکن کو تلنگانہ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کا پبلک ریلیشن آفیسر مقرر کئے جانے کی مذمت کی ہے ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے ڈاکٹر سوندرا راجن کو یاد دہانی کروائی کہ گورنر سربراہ ریاست ہوتے ہیں۔ بی جے پی پارٹی کے ایک رکن کو ان کا پی آر او مقرر کیا جانا نامناسب ہے ۔ واضح رہے کہ ایک صحافی نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ ٹاملناڈو میں بی جے پی کے جو پی آر او ہیں وہی ڈاکٹر سوندرا راجن کے پبلک ریلیشن کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر سوندرا راجن پڈوچیری کی لیفٹننٹ گورنر بھی ہیں۔ اسد الدین اویسی نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے تعلق سے گورنر کی شکایات پر بھی شکوک کا اظہار کیا ہے ۔ گورنر نے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی شکایت کی ہے اور کہا کہ گورنر کے دفتر کی ہتک اور توہین کی گئی ہے ۔ گورنر نے چیف منسٹر اور وزراء کی جانب سے ان کے دعوت ناموں کو قبول نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا ۔ راج بھون میں منعقد ہونے والی کئی تقاریب میں گورنر نے چیف منسٹر اور دیگر وزراء کو مدعو کیا تھا لیکن انہوں نے شرکت نہیں کی تھی ۔ گورنر نے اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں گورنر کے خطاب کی روایت سے انحراف پر بھی تنقید کی تھی تاہم ریاستی حکومت نے اس فیصلے کی مدافعت کی تھی اور کہا تھا کہ یہ کوئی نیا سشن نہیں تھا کیونکہ سابقہ سشن کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی نہیں کیا گاے تھا ۔ ریاستی وزراء کی جانب سے بھی گورنر پر تنقیدیں کی جا رہی ہیںاور کہا جا رہا ہے کہ وہ سیاستدان کی طرح کام کر رہی ہیں۔