بی جے پی زیراقتدار یوپی میں جنگل راج : مایاوتی

   

لکھنؤ 19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے اترپردیش میں امن و ضبط کی صورتحال پر ریاستی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس ریاست میں جنگل راج چل رہا ہے۔ ضلع سہارنپور میں گائے کا گوبر ہٹانے کے مسئلہ پر بحث و تکرار کے درمیان ایک سرکردہ ہندی روزنامہ کے فوٹو جرنلسٹ اور ان کے بھائی کو گولی مار کر ہلاک کئے جانے کے واقعہ کے ایک دن بعد مایاوتی نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو اپنے ٹوئٹر پوسٹ کے ذریعہ تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم اُنھوں نے اپنے ٹوئیٹ میں اس واقعہ کا حوالہ نہیں دیا۔ مایاوتی نے ٹوئٹر پر ہندی میں لکھا کہ ’’اترپردیش میں بی جے پی کے زیرقیادت قانون کی حکمرانی نہیں ہے بلکہ مافیا، غنڈوں اور مجرمین کا جنگل راج ہے جس کے نتیجہ میں جرائم انتہا پر پہونچ گئے ہیں‘۔ قتل کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے اور ہر کوئی خود کو غیر محفوظ محسوس کررہا ہے۔ یہ افسوسناک اور انتہائی بدبختانہ ہے۔