بی جے پی فرقہ پرستی کے مظاہرہ میں اول ‘ عوام سے جھوٹے وعدے

   

جس پارٹی نے 10 ہزار کی امداد بند کروادی وہ 25 ہزار کیسے دے گی ۔ روڈ شو سے کے ٹی راما راو کا خطاب

حیدرآباد : ٹی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے بی جے پی کو دھوکہ باز جماعت قرار دیتے ہوئے عوام سے استفسار کیا کہ جو جماعت سیلاب متاثرین کو 10ہزار کی امداد کو روک سکتی ہے ۔ وہ متاثرین میں 25ہزار روپئے کیا خاک تقسیم کرے گی ۔ اسمبلی حلقہ ایل بی نگر اور مہیشورم کے مختلف ڈیویژنس میں پارٹی امیدواروں کے روڈ شو میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی ، جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے ایک طرف فرقہ پرستی کا مظاہرہ کررہی ہے ، دوسری طرف کبھی نہ جھوٹے وعدے کرکے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھا رہی ہے ۔ حیدرآباد میں سیلاب سے تباہی ہوئی چیف منسٹر کے سی آر نے امداد کیلئے وزیراعظم مودی کو مکتوب روانہ کیا لیکن مرکز نے ایک روپیہ کی مدد نہیں کی وہیں کرناٹک میں سیلاب پر مرکز نے امداد فراہم کی ، گجرات میں سیلاب آنے پر وزیراعظم نے دورہ کرکے امداد کا اعلان کیا مگر حیدرآباد کے معاملے میں ٹھینگا دکھایا گیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے اپنی طرف سے متاثرین میں 10 ہزار روپئے امداد کی تقسیم کرنے کا آغاز کیا ۔ بی جے پی نے اس کو رکوا دیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گذشتہ 6 سال کے دوران ٹیکس کی شکل میں تلنگانہ سے مرکز کو 2لاکھ 72 ہزار کروڑ روپئے فراہم کئے گئے مگر بدلے میں مرکز نے تلنگانہ کو صرف ایک لاکھ 40 ہزار کروڑ روپئے ہی ادا کئے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کون کس کی مدد کررہا ہے ۔ تلنگانہ کے پیسوں سے دہلی کی حالت مستحکم ہورہی ہے ۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ اور حیدرآباد کی ترقی کیلئے مدد نہیں کی لیکن مرکزی وزرا و بی جے پی قائدین بے شرمی کا مظاہرہ کرکے تلنگانہ حکومت پر تنقید کر رہے ہیں ۔ ملک ‘ پانچ چھ ریاستیں چلارہی ہیں ان میں تلنگانہ شامل ہے ۔ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران عوام میں شکوک و شبہات پیدا کرکے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی لیکن ٹی آر ایس حکومت میں تمام شکوک کو غلط ثابت کیا گیا ۔ فلاحی اسکیمات سے ہر ایک کو فائدہ پہنچایا گیا ۔ 24 گھنٹے برقی سربراہ ہورہی ہے ، پینے کے پانی کی قلت دور ہوگئی ، ٹی آر ایس اقتدار میں فائدہ ہوا ہے یا نقصان عوام غور کرلیں ۔ کئی فلاحی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کو پنشن دیا جارہا ہے ، غریب لڑکیوں کی شادیوں کیلئے شادی مبارک ، کلیان لکشمی اسکیم سے فائدہ پہنچایا جارہا ہے ، کے سی آر کٹ سے سرکاری دواخانوں میں زچگی کا رجحان بڑا ہے ۔ انا پورنا سنٹرس کے ذریعہ 5 روپئے میں کھانا کھلایا جارہا ہے ۔ غریب عوام کو مفت طبی سہولتیں فراہم کرنے بستی دواخانوں کا جال بچھا دیا گیا ہے ۔ سی سی کیمرے نصب کرکے حیدرآباد کو مکمل اور نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ ایل ای ڈی لائٹس لگاتے ہوئے برقی کی بچت کی جارہی ہے ۔ خواتین کے تحفظ کیلئے شی ٹیمیں ، بھروسہ سنٹرس قائم کئے گئے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔