بی جے پی قائدین ذہنی دیوالیہ پن کا شکار: سنجے راوت

,

   

ممبئی 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے آج دعویٰ کیاکہ اگر بی جے پی قائدین اقتدار میں برقرار رہتے ہیں تو وہ ذہنی دیوالیہ پن کا شکار ہوجائیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے راوت نے مزید کہاکہ شیوسینا، این سی پی اور کانگریس ہی مخلوط حکومت تشکیل پانے کے بعد پوری ریاست میں بی جے پی قائدین کے لئے مینٹل ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی قائدین کو جب اقتدار سے اُکھاڑ پھینکا جائے گا تو وہ یقینی طور پر اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھیں گے۔ چونکہ ہم بہت جلد فلور ٹسٹ میں اکثریت حاصل کرنے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک بار ہم جب حکومت تشکیل دے دیں گے تو اُس کے بعد اِن بی جے پی قائدین کے ذہنی بیماریوں کے لئے خصوصی سنٹرس قائم کریں گے جہاں اِن کا علاج کیا جائے گا۔ راوت نے کہاکہ این سی پی اور کانگریس کے پاس مطلوبہ تعداد موجود ہے جس کے ساتھ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کریں گے تاکہ تشکیل حکومت کے لئے دعویٰ پیش کیا جاسکے۔ راوت نے مزید کہاکہ بی جے پی چنبل کی گھاٹی کی ڈاکو کی طرح رویہ اختیار کررہی ہے اور اکثریت سے محرومی کے باوجود حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ کررہی ہے۔ حالانکہ شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے پاس کم از کم ہر اعتبار سے بی جے پی سے زیادہ ارکان اسمبلی موجود ہیں جو فلور ٹسٹ میں بہرصورت کامیابی حاصل کرلے گی۔