بی جے پی قائد نے ریاست کی مالی صورتحال سے نرملا سیتارامن کو واقف کروایا

   

حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ بی جے پی یونٹ کے نائب صدر این وی ایس ایس پربھاکر نے کل دہلی میں مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن سے ملاقات کی اور انہیں ریاست تلنگانہ کی سیاسی اور مالی صورتحال کے بارے میں بتایا ۔ پربھاکر نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے زیر قیادت تلنگانہ حکومت کے مالی موقف کے بارے میں نرملا سیتارامن کو واقف کروایا ۔ پربھاکر نے کہا کہ ریاست کی مالی صورتحال دن بہ دن ابتر ہورہی ہے ۔ حکومت نے چھ ماہ کی حکومت کی تکمیل سے قبل ہی 12,905 کروڑ روپئے کا نیا قرض حاصل کیا ہے اور مزید قرض حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جو کہ ایف آر بی ایم حدود سے زیادہ ہے ۔ ریاست کی مالی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ حکومت سیاسی تقررات جیسے مشیروں اور مختلف کارپوریشنس کے لیے چیرمین مقرر کرتے ہوئے سرکاری خزانہ پر زائد بوجھ عائد کررہی ہے ۔ انہوں نے نرملا سیتارامن کو ریاست میں مرکزی فنڈس کو دوسرے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے بارے میں واقف کروایا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’ ریاستی حکومت ، مجالس مقامی کے لیے منظورہ مرکزی فنڈس کا غلط استعمال کررہی ہے ‘ ۔۔