بی جے پی قلعہ گولکنڈہ پر قبضہ کرے گی ، چارمینار پر زعفرانی پرچم لہرائے گی

   

100 بلدی ڈیویژنس پر کامیاب ہوگی ، بستیوں میں شب بسری پروگرام کا کل آغاز : بنڈی سنجے

حیدرآباد :۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی کے بعد بی جے پی پرانے شہر کو بھاگیہ نگر میں تبدیل کردے گی ۔ عوامی رابطہ بڑھانے کے لیے کل سے بی جے پی کے قائدین بستیوں میں شب بسری کریں گے ۔ بنڈی سنجے نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سے ٹی آر ایس خوفزدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 100 سے زائد ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی گولکنڈہ پر قبضہ کرے گی اور چارمینار پر زعفرانی پرچم لہرائے گی ۔ تمام سروے بی جے پی کے حق میں ہے ۔ بی جے پی کی بڑھتی ہوئی طاقت اور وزیراعظم نریندر مودی کی طاقتور قیادت سے متاثر ہو کر دوسری جماعتوں کے قائدین رضاکارانہ طور پر بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں اور بڑی تیزی سے ریاست میں بی جے پی حکمران ٹی آر ایس کے متبادل کی طرح ابھر رہی ہے ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بی جے پی کا اگلا نشانہ اسمبلی انتخابات ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو دھرم اور ہندوؤں کے بارے میں باتیں کرنے پر اس کو فرقہ پرستی سے جوڑ دیا جارہا ہے ۔ بی جے پی کامیابی کے بعد حیدرآباد کو احمد آباد ، اندور اور سورت شہروں کی طرز پر ترقی دی جائے گی ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ عوامی رابطہ اور تال میل میں بڑھانے کے لیے بی جے پی کے اہم قائدین کل سے غریب بستیوں میں شب بسری کریں گے ۔ ان کے درمیان پہونچکر ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے ۔ انہیں مسائل کی یکسوئی کے لیے بھروسہ دلائیں گے ۔ ان کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔