بی جے پی میں شامل ہونے کی تردید: انجن کمار یادو

   

پارٹی قائدین پر افواہ پھیلانے کا الزام ، صدر حیدرآباد کانگریس کی وضاحت

حیدرآباد : صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے بی جے پی میں شامل ہونے سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں نظرانداز کئے جانے کے باوجود وہ سیکولر نظریات رکھنے والی کانگریس پارٹی میں ہی رہیں گے ۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے جس کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی وہ کانگریس پارٹی سے بے وفائی کرنے کا کوئی ارادہ رکھتے ہیں ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ پارٹی کے ہی چند لوگ ان کے خلاف سازش کرتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہونے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی درخواستیں قبول کرنے سے بی فارمس کی اجرائی تک پارٹی امیدواروں کے انتخاب میں انہیں اہمیت نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ خاموش اور پارٹی سرگرمیوں سے دور ہیں مگر اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ کانگریس سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ۔ اس طرح کی افواہیں پارٹی کے کچھ لوگ پھیلا رہے ہیں اس لئے وہ وضاحت کررہے ہیں کہ وہ کانگریس میں ہی رہیں گے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ وہ سیکولر نظریات رکھنے والی پارٹی سے رشتہ ناطہ توڑ کر فرقہ پرست پارٹی میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ، کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین نے ان سے رابطہ قائم کیا ہے ۔ وہ پارٹی میں ہی برقرار رہیں گے انہیں یقین ہے کہ جی ایچ ایم سی میں کانگریس پارٹی زبردست مظاہرہ کرے گی اور بڑی تعداد میں کانگریس کے کارپوریٹرس منتخب ہوں گے ۔