مودی کے دور حکومت میں ملک مقروض ، معاشی بحران ، بیروزگاری میں اضافہ ، جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے بی جے پی کو خطرناک جماعت قرار دیتے ہوئے اس کے بچھائے ہوئے جال میں نہ پھنسنے کا نوجوانوں کو مشورہ دیا ۔ حضور نگر میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ عوام کے درمیان مذہبی جذبات بھڑکانا ، نفرت کی سودے بازی کرانا ، بی جے پی کی عادت بن چکی ہے ۔ ملک میں کئی مسائل ہیں معاشی بحران کے بادل چھائے ہوئے ہیں ۔ بیروزگاری میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ روپیہ کی قدر گھٹ رہی ہے ۔ غربت میں اضافہ ہورہا ہے ۔ لا اینڈ آرڈر کے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ مودی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ خواتین پر مظالم میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ان مسائل پر فوری توجہ دینے میں مرکزی حکومت ناکام ہوگئی ہے ۔ بی جے پی حکومت غریب عوام اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے کارپوریٹ اداروں کے مفادات کو ترجیح دے رہی ہے ۔ ان 8 سال کے دوران عوام پریشان ہیں اور کارپوریٹ ادارے جشن منا رہے ہیں ۔ وزیراعظم مودی کے غلط فیصلوں سے ملک مقروض ہوگیا ہے ۔ ملک کئی مسائل سے دوچار ہوا ہے ۔ تلنگانہ کی ترقی اور بہبود ملک کے لیے مثالی نمونہ ثابت ہورہی ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو سنیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی منھ کھولتے ہیں جھوٹ بولتے ہیں ۔ مرکزی حکومت کی تلنگانہ سے کی جانے والی نا انصافی پر بحیثیت نمائندہ تلنگانہ مرکز سے استفسار کرنے کے بجائے دم ہلاتے ہوئے غلامی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ داماچرلہ میں 30 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف تلنگانہ حکومت الٹرا میگا پاور پلانٹ تعمیر کررہی ہے ۔ ریاست کے ہر گھر کے عوام چیف منسٹرکے سی آر کے کوئی نہ کوئی اسکیم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ پلے پرگتی پروگرام کی وجہ سے تلنگانہ کے دیہات بڑی تیزی سے ترقی کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے دیہاتوں کو ملک بھر میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے ۔ قبل ازیں کے ٹی آر نے اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں 40 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ انتخابی مہم کے دوران جو بھی وعدے کئے گئے اس کو ایک ایک کر کے پورے کئے جارہے ہیں ۔ن