بی جے پی نے ووٹوں کی خاطر ’اللہ اکبر‘ کے نعرے بلند کر دیئے

   

کولکتہ : جارحانہ مذہبی قوم پرست، مسلمان مخالف وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی جماعت بی جے پی نے ووٹوں کی خاطر ’اللہ اکبر‘ کی صدائیں بلند کر دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کے علاقہ کوچ بہار سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار نسیت پرمانک نے تمام تر توجہ اس وقت سمیٹ لی جب انہوں نے انتخابی ریلی کے دوران ووٹ مانگنے کیلئے ’اللہ اکبر‘ کے نعرے بلند کئے۔ مغربی بنگال کے علاقہ دنہاٹا میں نسیت پرمانک کی حمایت میں گزشتہ روز بی جے پی کی اقلیتی مورچہ ریلی نکالی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی کوچ بہار کے صدر اور ایم ایل اے سوکمار رائے کا کہنا ہے کہ ابھی صرف دو اسمبلی حلقوں سیتائی اور دنہاٹا کے مسلمانوں کے ساتھ ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا لیکن جلد ہی ضلع کوچ بہار کے تمام مسلمانوں کے ساتھ ریلی نکالیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ضلع سے مسلم پنچایت کے حمایت یافتہ ہماری جماعت کا حصہ ہیں، اس لیے اس ضلع سے اس طرح کی ریلی کا انعقاد کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ خیال رہے کہ مسلمانوں کو بطور ووٹ بینک استعمال کرنے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر و جرائم کے ہندوستانی تاریخ میں سب سے زیادہ واقعات رونما ہوئے ہیں۔ لومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق 2014 میں مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارتیوں میں مسلمانوں کے خلاف رجحان بہت بڑھ گیا ہے۔