بی جے پی ٹکٹ سے محرومی پر خاتون قائد نے خودکشی کی کوشش کی

   

ارکان خاندان نے فوری ہاسپٹل پہنچایا۔ سابق رکن اسمبلی پر ٹکٹ کٹوانے کا الزام

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ٹکٹوں سے محروم ہونے والے دعویدار اپنی ہی پارٹیوں کے خلاف احتجاج اور ڈاؤن ڈاؤن نعرہ بازی کرنے لگے ہیں۔ اسی دوران بی جے پی کی ایک خاتون قائد نے ٹکٹ سے محرومی پر خودکشی کرنے کی کوشش کی جس پر اس خاتون کے ارکان خاندان نے انہیں ہاسپٹل منتقل کیا۔ تفصیلات کے بموجب بلدی ڈیویژن ناچارم سے مقامی بی جے پی خاتون قائد وجیہ لتا ریڈی ٹکٹ کی دعویدار تھیں اور وہ ماضی میں بھی اس ڈیویژن سے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرچکی تھیں لیکن اس مرتبہ ٹکٹ سے محروم ہونے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرنے کی کوشش کی ۔ گھر والوں نے انہیں فوری دواخانہ سے رجوع کیا جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ وجیہ لتا ریڈی نے کہا کہ وہ گذشتہ 5 سال سے بلدی ڈیویژن ناچارم میں پارٹی کو مضبوط اور طاقتور بنانے کیلئے کام کررہی ہیں اور پارٹی کے ہر پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے انہوں نے جدوجہد کی ہے لیکن بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی این وی ایس پربھاکر نے انہیں ٹکٹ سے محروم کردیا ہے جس سے دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے یہ انتہائی اقدام کیا ہے۔