بی جے پی کو روکنے اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ضروری : سی پی آئی

   

ہماچل اور دہلی کے نتائج بی جے پی کے زوال کا آغاز۔ سی پی آئی سکریٹری سامبا شیوا راؤ
حیدرآباد 10 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سی پی آئی ریاستی سکریٹری کے سامباشیوا راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک میں غلط حکمرانی چلا رہے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کو چاہئے کہ وہ بی جے پی کو روکنے کیلئے متحد ہوجائیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سامباشیوا راؤ نے کہا کہ ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات‘ دہلی میونسپل کارپوریشن اور ملک میں ہوئے دوسرے ضمنی انتخابات کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے گجرات میں کانگریس کی شکست پر کہا کہ یہ خود کانگریس کی غلطیوں کا نتیجہ ہے ۔ گذشتہ انتخابات میں 70 سے زائد نشستیں جیتنے والی کانگریس اس بار صرف 17 نشستوں تک محدود ہوگئی کیونکہ وہ بی جے پی کا پردہ فاش کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اور ایم آئی ایم نے ووٹ تقسیم کئے اور کمیونسٹ جماعتوں میں استحکام کے فقدان کی وجہ سے بی جے پی کو گجرات میں کامیابی حاصل ہوئی ہے تاہم اخلاقی اعتبار سے بی جے پی کو شکست ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں سیاسی ہنگامہ آرائی تو کر رہی ہے لیکن انتخابات میں وہ دو ہندسی نشستوں پر بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکتی ۔ بی جے پی ملک میں گورنرس کو استعمال کرتے ہوئے غیرواجبی تنازعات پیدا کر رہی ہے اور گورنر نظام کو نراج کے نظام میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں جیسے ای ڈی اور سی بی آئی وغیرہ کا سیاسی مفادات کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ سپریم کورٹ ملک میں گورنر کے نظام کو ختم کرنے کیلئے پہل کرے اور سی بی آئی اور ای ڈی کے بیجا استعمال کو روکے بصورت دیگر ملک میں اس بات کے اندیشے پیدا ہوجائیں گے کہ اپوزیشن جماعتوں اور حکومت سے سوال کرنے والی آوازوں کو خاموش کردیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ سی پی آئی تلنگانہ میں برسر اقتدار ٹی ار ایس کو قومی پارٹی کے طور پر تسلیم کئے جانے اور بی آر ایس کا نام دئے جانے کا خیرمقدم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو چاہئے کہ وہ بی جے پی کو روکنے کام کرے ۔ بی جے پی ملک کا دیوالیہ نکال رہی ہے اور صرف کارپوریٹ طاقتوں کو استحکام بخش رہی ہے ۔