تین موجودہ ارکان پارلیمنٹ کو دوبارہ ٹکٹ ، حیدرآباد سے مادھوری لتا امیدوار ہوں گی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کی قومی قیادت نے تلنگانہ سے پہلی فہرست میں 9 امیدواروں کا اعلان کرکے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ چار کے منجملہ تین موجودہ ارکان پارلیمنٹ کو دوبارہ امیدوار بنایا گیا ہے ۔ بی آر ایس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے دو ارکان پارلیمنٹ میں ظہیر آباد سے بی بی پاٹل کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ وہیں ناگر کرنول کی نمائندگی کرنے والے پی راملو کی جگہ ان کے فرزند بھرت کو امیدوار بنایا گیا ۔ حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے ایٹالہ راجندر کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے چار ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے ۔ ان میں ایس بابو راؤ ( عادل آباد ) کو پہلی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے جب کہ ڈی اروند کو ( نظام آباد ) ، بنڈی سنجے کو ( کریم نگر ) اور جی کشن ریڈی کو ( سکندرآباد ) حلقوں سے دوبارہ امیدوار بنایا گیا ہے ۔ بی نرسیا گوڑ ( بھونگیر ) ، کنڈہ ویشویشور ریڈی کو ( چیوڑلہ ) ، مادھوی لتا کو ( حیدرآباد ) سے امیدوار بنایا گیا ہے ۔ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں میں بی جے پی نے پہلی فہرست میں 9 امیدواروں کا اعلان کردیا ہے ۔ محبوب نگر میں ڈی کے ارونا اور جتندر ریڈی کے درمیان سخت مقابلہ ہے جس کی وجہ سے بی جے پی قیادت نے پہلی فہرست میں اس حلقہ کے امیدار کو شامل نہیں کیا ہے ۔ دوسری فہرست میں ماباقی 8 امیدواروں کا اعلان کردئیے جانے کا قوی امکان ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی 4 مارچ کو عادل آبادل اور 5 مارچ کو سنگاریڈی میں منعقد ہونے والے بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ وزیراعظم کے دونوں جلسوں کو کامیاب بنانے کے لیے تلنگانہ بی جے پی قائدین کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں ۔۔ 2