بی جے پی کے باغی شتروگھن سنہا کے خلاف کاروائی کی تیاری 

,

   

مغربی بنگال کے وزیراعلی او رٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی کی جانب سے منعقدہ میگا ریالی میں شرکت کے بعدبی جے پی میں زلزلہ‘ سنہا نے وزیراعظم نریندر مودی او رصدر امیت شاہ کے خلاف تقریر کی۔

نئی دہلی۔ بی جے پی او روزیراعظم نریندر مودی کے خیمے میںآج اس وقت زلزلہ آگیا جب بی جے پی کے باغی لیڈر شتروگھن سنہا نے نہ صرف اپوزیشن پارٹیو ں کے اسٹیج کو شیئر کیا بلکہ اپنیحکومت اورپارٹی کے خلاف جم کر غصہ نکالا نیز اعلان کیاکہ موجودہ حکومت کا کھیل ختم ہوا لوگ بدلاؤ چاہتے ہیں اور یہ بدلاؤ اب ہوکر رہے گا ۔ چنانچہ اب بی جے پی شتروگھن سنہا کے خلاف تادیبی کاروائی کی تیاری کررہی ہے ۔ م

غربی بنگال کی وزیراعلی او رٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی کی جانب سے میگا ریالی کا اہتمام کیاگیاتھا جس میں 22اپوزیشن پارٹیو ں نے شرکت کی ہے۔

ایس پی صدر اکھیلیش یادو ‘ این سی پی سربراہ شرد پوار‘ عام آدمی پارٹی کے صدراوردہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال ‘ چیف منسٹر آندھرا چندرا بابو نائیڈو ‘ چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی‘ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو‘ شرد یادو‘ فاروق عبداللہ ‘ عمر عبداللہ ‘ ابھیشک منوسنگھوی‘ ملکاراجن کھڑگے‘ گجرات کے رکن اسمبلی جگنیش میوانی‘ پاٹیدار تحریک کے علمبر دار ہاریک پٹیل‘یشونت سنہا‘ ارون شوری سمیت کئی بڑے لیڈران نے شرکت کی۔

شتروگھن سنہا کی اس ریالی میں شرکت کی اطلاع پہلے سے تھی چنانچہ بی جے پی کی جانب سے انہیں متنبہ کیاگیاتھا کہ اگر آپ جائیں گے تو آپ کے خلاف پارٹی کے دستور کی خلاف ورزی کی پادش میں تادیبی کاروائی کی جائے گی باوجود اس کے پرواہ کئے بغیر شتروگھن سنہا نے ہفتہ کے روز اپوزیشن پارٹیوں اور لیڈران کے ساتھ ممتا بنرجی کی میگاریالی میں شرکت کی ۔ مسٹر سنہا نے صرف شرکت نہیں کی بلکہ مودی حکومت اور بی جے پی کے موجود صدر امیت شاہ کے خلاف زبردست تقریر بھی کی ۔

مسٹر سنہا نے نوٹ بندی سے لے کر جنگی طیارے رافائیل تک پر سوال اٹھائے۔

انہوں نے کانگریس صدر راہول گاندھی ‘تیجسوی یاد سمیت دیگر سکیولر لیڈران کی تعریف کی ۔

انہوں نے کہاکہ نوٹ بندی کا فیصلہ پارٹی کا نہیں تھا بلکہ یہ مودی کا من مانافیصلہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک وزیراعظم رافائیل پر جواب نہیں دیں گے تب تک انہیں ’چوکیدار چور ہے سننا پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ یہاں جو بھی لیڈر موجود ہیں میں ان سے ایک ہی مطالبہ ہے اور ایک ہی خواہش ہے کہ اب بدلاؤ ائے۔

علاوہ ازیں شترو گھن سنہا کے اس خطاب کے بعد بی جے پی اعلی کمان کی جانب سے کاروائی کی تیاری شروع کردی گئی ہے لیکن کیاکاروائی کی جائے گی یہ فی الحال طئے نہیں ہے لیکن یہ سمجھا جارہا ہے کہ اب انہیں پارٹی سے باہر کیاجائے گا۔

اطلاع یہ بھی آرہی ہے کہ شتروگھن سنہا جلد آر جے ڈی میں شامل ہونے والے ہیں اور اس پارٹی کے ٹکٹ سے ہی وہ میدان میں اتریں گے ۔

اطلاع یہ بھی ہے کہ وہ بنار سے بھی امیدوار ہوسکتے ہیں اور مودی کے خلاف تال ٹھونک سکتے ہیں۔