بی جے پی کے تمام قائدین رشوت خور: راہول گاندھی

,

   

مایوس کانگریس اب جعلسازی پر انحصار کیلئے مجبور : امیت شاہ
نئی دہلی 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بی جے پی کے تمام قائدین پر رشوت ستانی کا الزام عائد کیا اور ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کرناٹک کے سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا نے اپنی پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو 1800 کروڑ روپئے کی رشوت دی تھی۔ کیروان میگزین نے یدی یورپا کی ایک ڈائری کی خبر دی جس میں بی جے پی کے سینئر قائدین کو دی جانے والی رشوت کی تفصیلات ہیں۔ راہول گاندھی نے اس رپورٹ کو ٹیاگ کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیاکہ ’بی جے پی کے تمام چوکیدار چور ہیں‘۔ کانگریس نے ان ڈائریز کی تفصیلات کی لوک پال کے ذریعہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تاکہ اس بات کا پتہ چلایا جاسکے کہ آیا فی الوقعی یہ رشوت ادا کی گئی تھی۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے دعویٰ کیاکہ تمام جھوٹے مسائل رائیگاں ہوجانے کے بعد اب بے چین و بے بس افراد اب جعلسازی پر انحصار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ امیت شاہ نے ٹوئیٹر پر جوابی وار کرتے ہوئے لکھا کہ ’کانگریس کی مہم ڈانوا ڈول ہوچکی ہے۔ جعلسازی بھی اب اُنھیں بچا نہ پائے گی۔ کانگریس کے ایک وزیر کی طرف سے دیئے گئے چند اوراق اس حد تک ہی قابل بھروسہ اور معتبر ہوسکتے ہیں جس حد تک راہول گاندھی کی قیادت کی صلاحیتوں پر بھروسہ اور اعتبار کیا جاسکتا ہے‘۔ صدر کانگریس راہول گاندھی اپنی انتخابی مہم کا آغاز چاچل ضلع مالدہ ریاست مغربی بنگال میں ایک جلسہ عام سے خطاب کے ذریعہ کریں گے۔