تائیوان کے صنعت کاروں کو ٹیکسٹائلس شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت

   

علحدہ مینوفیکچرنگ زون کی تجویز، صنعت کاروں کی ریاستی وزیر سریدھر بابو سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے تائیوان کی صنعتوں اور صنعت کاروں سے رائزنگ تلنگانہ کی ترقی میں سرمایہ کاری کے ذریعہ حصہ داری ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول ہے اور دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے ذریعہ بہتر مظاہرہ کی امید کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے تائیوان کی کمپنیوں کو ٹیکسٹائلس شعبہ میں سرمایہ کاری کا مشورہ دیا۔ تائیوان کے صنعت کاروں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے جسٹن ہانگ صدر تائیوان ٹیکسٹائلس فیڈریشن کی قیادت میں ریاستی وزیر سے ملاقات کی ۔ وفد میں 11 صنعت کار شامل ہیں ۔ سریدھر بابو نے کہا کہ انتہائی کم عرصہ میں تلنگانہ نے ٹیکسٹائلس شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ٹیکسٹائلس انڈسٹری کے فروغ کے لئے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ کاکتیہ میگا ٹیکسٹائلس پارک ریاست میں ٹیکسٹائلس شعبہ کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ٹیکسٹائلس پارک میں عالمی سطح کی انفراسٹرکچر سہولتیں حاصل رہیں گی۔ ٹیکسٹائلس پارک حیدرآباد ، ناگپور اور وجئے واڑہ صنعتی راہداری سے مربوط رہے گا جس کے نتیجہ میں مصنوعات کی فروخت اور منتقلی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائلس شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر تائیوان کے سرمایہ کار آگے آئیں تو حکومت علحدہ تلنگانہ تائیوان مینوفیکچرنگ زون اور ٹیکسٹائلس کلسٹر کے قیام کا جائزہ لے گی۔ اجلاس میں ڈائرکٹر انڈسٹریز نکھل چکرورتی ، ڈائرکٹر ٹیکسٹائلس شریمتی دھرانی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1