تارکینِ وطن کو جیل میں رکھنے پر ٹرمپ انتظامیہ پر مقدمہ

   

نیویارک : امریکہ کی بدنامِ زمانہ جیل گوانتانامو بے میں خفیہ حراستوں اور غیر قانونی تارکینِ وطن کو بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے الزام میں ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا گیا۔ امریکی سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) اور کئی امیگرنٹ حقوق کے حامی گروپس نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مذکورہ مقدمہ اس لیے دائر کیا ہے تاکہ حراست میں لیے گئے ان تارکینِ وطن تک رسائی حاصل کی جا سکے جنہیں گوانتانامو بے بھیجا گیا ہے۔ اے سی ایل یو کے مطابق ان تارکینِ وطن کو وکلاء تک رسائی، اہلِ خانہ سے رابطے کے بغیر زیرِ حراست اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم رکھنا امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مقدمہ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ گوانتانامو بے میں کْل کتنے تارکینِ وطن کو رکھا گیا ہے لیکن اس میں 3 وینزویلا کے شہریوں کی تفصیلات شامل ہیں جن کے اہلِ خانہ انہیں تلاش کرنے اور ان سے رابطہ قائم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ یہ امریکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ امریکی سر زمین پر گرفتار ہونے والے تارکینِ وطن کو گوانتانامو بے جیل بھیجا گیا ہے۔