تاریخی بی بی کے علم کا جلوس ، کیرالا کا ہاتھی حیدرآباد پہنچ گیا

   

20 جون کو جلوس کا ریہرسل ، 26 جون کو تاریخی جلوس
حیدرآباد۔17 ۔ جون(سیاست نیوز) تاریخی بی بی کے علم کا جلوس 10محرم الحرام کو کیرالہ سے لائے گئے ہاتھی ’’سری دیوی‘‘ پر برآمد ہوگا اور اس ہاتھی کے حصول کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بعد ہاتھی حیدرآباد پہنچ چکا ہے۔ نظام اوقاف کمیٹی کے مطابق قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر واقع نور خان بازار پہنچ چکا ہے۔جناب سید علی جعفری نمائندہ نظام اوقاف کمیٹی نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے بی بی کے علم کی سواری کے لئے کیرالہ سے حاصل کردہ ہاتھی کے تمام تر اخراجات ادا کئے ہیں جو کہ تلنگانہ وقف بورڈ کے توسط سے جاری کئے جاچکے ہیں۔10 محرم 26 جون کو منعقد ہونے والے تاریخی بی بی کے علم کے جلوس میں ہاتھی کے استعمال کے سلسلہ میں نظام اوقاف کمیٹی نے متعلقہ پولیس عہدیداروں کو نمائندگی و انتظامات کی تفصیلات روانہ کردی ہیں اور محکمہ پولیس و نظام اوقاف کمیٹی کے علاوہ دیگر کی موجودگی میں جلوس گذرنے کے راستوں پر ہاتھی کے ساتھ ریہرسل کی جائے گی۔بتایاجاتاہے کہ 4 محرم الحرام 20 جون بروز ہفتہ جلوس گذرنے کے راستوں پر ہاتھی کے ساتھ ریہرسل کی جائے گی اور اس ریہرسل کے دوران ہاتھی کے ساتھ محکمہ پولیس ‘ جنگلات و نظام اوقاف کے عہدیدار موجود رہیں گے۔3