تاریخ اپنے آپ کو دہرائے گی، مرکزمیں کانگریس حکومت یقینی

   

بی جے پی کا انتخابی منشور ناکام بینک کے پوسٹ ڈیٹیڈ چیک کی طرح: ریونت ریڈی
حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پیش قیاسی کی ہے کہ جاریہ لوک سبھا انتخابات میں مرکز میں کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس کی حکومت تشکیل پائے گی۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ریونت ریڈی نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں 2004 اور 2024 کا تقابل کیا گیا۔2004 میں یو پی اے حکومت برسراقتدار آئی تھی اور ٹھیک اسی طرح دس سال بعد 2024 میں دوبارہ کانگریس حکومت برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے لکھ کہ تاریخ اپنے آپ کو دہرائے گی۔ 2004 میں انڈیا شائننگ کے نعرہ کو عوام نے مسترد کردیا تھا اور اس مرتبہ وکست بھارت کے نعرہ کو عوام مسترد کردیں گے، بی جے پی کو شکست ہوگی اور انڈیا الائینس کامیاب ہوگا۔ چیف منسٹر نے لکھا کہ انتخابی منشور وکست بھارت دراصل 2004 کے منشور شائننگ انڈیا کی نقل ہے۔ دو ناکام میعادوں کے بعد عوام نے شائننگ انڈیا کو شریمتی سونیا گاندھی کی قیادت میں شکست سے دوچار کیا تھا۔ بی جے پی کی دو مایوس کن میعادوں کے بعد ملک کے عوام بی جے پی کو مسترد کردیں گے اور راہول گاندھی کی زیر قیادت کانگریس حکومت تشکیل پائے گی۔ ریونت ریڈی نے ریمارک کیا کہ بی جے پی کا انتخابی منشور ایک ناکام بینک کی جانب سے جاری کردہ پوسٹ ڈیٹیڈ چیک کی طرح ہے۔1