تجارتی مراکز میں فوڈ سیکوریٹی منیجر کے تقرر کی ہدایت

   

شہریوں کو محفوظ اور معیاری غذا کی فراہمی کیلئے FSSAI کا فیصلہ
حیدرآباد۔28۔اگسٹ(سیاست نیوز) فوڈ سیفٹی اینڈ سیکیوریٹی اتھاریٹی کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق تمام اشیائے خوردو نوش فروخت اور تیار کرنے والے اداروں بالخصوص بیکری‘ ریسٹوران ‘ ہوٹل ‘ شادی خانہ ‘ بینکویٹ ہالس کے لئے لازمی ہے کہ وہ اپنے تجارتی مراکز میں فوڈ سیکیوریٹی سوپر وائزریا منیجر کے تقرر کو یقینی بنائیں۔ شہریوں کو محفوظ اور معیاری غذاء کی فراہمی کے لئے فوڈ سیفٹی سپروائزرکے تقرر کے اقدامات کو لازمی قرار دینے والی ایجنسی فوڈ سیفٹی اینڈ سیکیوریٹی اتھاریٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان تمام مذکورہ تجارتی اداروں سے FSSAI کے قوانین پر عمل آوری کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کی جائیں اور جن شادی خانوں ‘ بینکویٹ ہالس ‘ ریستوران‘ ہوٹلس اور بیکری میں فوڈ سیفٹی آفیسر موجود نہیں ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ فوڈ سیفٹی اینڈ سیکیوریٹی اتھاریٹی آف انڈیا کے ان قوانین پر عمل آوری کے لزوم کے بعد ان اداروں میں شہر حیدرآباد میں ہی زائد از 10ہزار نوجوانو ں کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوسکتے ہیں ۔ فوڈ سیفٹی اینڈ سیکیوریٹی سپروائزر کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے تربیت کی فراہمی کے ذریعہ ان نوجوانوں کو سند فراہم کی جا رہی ہے اور یہ تربیت محض چند گھنٹوں پر مشتمل ہے ۔ اس تربیت کے حصول کے ذریعہ نوجوان مذکورہ تجارتی اداروں میں فوڈ سیفٹی آفیسر کے طور پر ملازمت حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس تربیت کی فراہمی اور سند یافتہ فوڈ سیفٹی سپروائزر کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں بھی تربیت فراہم کی جا رہی ہے اور اس تربیت کے حصول کی تکمیل کے ساتھ ہی تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں کو سند کی اجرائی عمل میں لائی جاتی ہے اور سند یافتہ فوڈ سیکیوریٹیسپروائزر یا منیجر اپنی پسند کی جگہ ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔ FSSAI کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ابتدائی درجہ کے فوڈ سیکیوریٹی منیجر کے طور پر تربیت حاصل کرنے کے لئے معمولی پڑھا لکھا ہونا کافی ہے جبکہ اڈوانسڈ درجہ کی تربیت جو کہ زائد از 20گھنٹوں پر مشتمل ہے اس کے لئے گریجویشن ہونا لازمی ہے ۔ ریاست بھر کے شادی خانوں‘ ہوٹلوں ‘ ریستوراں‘ بیکری‘ اشیائے خورد و نوش کی فروخت کرنے والے تجارتی اداروں میں فوڈ سیکیوریٹی سپروائزریا منیجر کے تقرر کے لزوم کے بعد کہا جا رہا ہے کہ زائد از 25ہزار نوجوانوںکو ملازمت کا موقع حاصل ہوگا جن میں صرف شہرحیدرآباد میں زائد از 10ہزار فوڈ سیکیوریٹی آفیسر کے طور پر نوجوان ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔3