تحفہ کی پیاکٹ میں بم، پولینڈ کے پولیس چیف زخمی

   

وارسا: پولینڈ کی وزارت داخلہ نے جمعرات کو بتایا ہے کہ پولینڈ کے پولیس چیف جاروسلاو چمچیک کو ایک دھماکے کے نتیجے میں معمولی چوٹیں آنے پر ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ یہ دھماکہ انہیں ملنے والے ایک پارسل میں ہوا جو مبینہ طور پر ایک تحفے کی شکل میں پولیس چیف کو بھیجا گیا تھا۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز صبح 7 بج کر 50 منٹ پر پولیس چیف کے دفتر سے متصل ایک کمرے میں ایک دھماکہ ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ 11-12 دسمبر کو یوکرین کے اپنے ورکنگ دورے کے دوران پولیس چیف کو ملنے والے تحائف میں سے ایک پھٹ گیا۔وزارت کے مطابق چمچئک نے دورے کے دوران یوکرینی پولیس اور ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں سے ملاقات کی تھی۔ اس موقعے پرانہیں یوکرینی عہدیداروں کی طرف سے تحائف دیے گئے تھے۔ ان میں ایک پیکٹ میں بم موجود تھا۔بیان میں پولیس سربراہ کے زخموں کو “معمولی” قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔قومی پولیس ہیڈ کوارٹر کے ایک شہری ملازم کو بھی معمولی چوٹیں آئیں جنہیں ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔وزارت داخلہ نے کہا کہ پولش فریق نے یوکرین سے وضاحتیں فراہم کرنے کو کہا ہے۔