تحقیقات کے بغیر پلوامہ حملے کو پاکستان سے جوڑنا غلط

   

ہم نے وادی میں ہمیشہ تشدد کی مذمت کی ہے ، پاکستانی ترجمان کا بیان

اسلام آباد، 15فروری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی گاڑی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی بین الاقوامی سطح پر سخت مذمت کے درمیان پاکستان نے کہا ہے کہ بغیر کسی تحقیقات کے ہندوستان کاحملے کو پاکستان سے جوڑنا غلط ہے ۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو ٹویٹ کرکے پلوامہ حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹویٹ کیا کہ ‘‘پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ باعث تشویش ہے ۔ ہم نے وادی میں اس طرح کے تشدد کی ہمیشہ مذمت کی ہے ۔ ہم ہندوستانی میڈیا اور حکومت کی جانب سے حملے کو بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان سے جوڑنے کو پور طرح مسترد کرتے ہیں۔اس سے پہلے جمعرات کو ہندوستان نے پلوامہ میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں سخت رخ اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں سرگرم دہشت گرد گروپ جیش محمد (جے اے ایم) نے یہ حملہ انجام دیا ہے ۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ اور دیگر ممالک سے پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں پر پابندی لگانے کا اپیل کی۔ہندوستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی دہشت گرد مسعود اظہر کی قیادت والے دہشت گرد گروپ کو چلانے اور اسے مضبوط بنانے کے لئے پاکستانی حکومت نے اسے پوری آزادی دے رکھی ہے ۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1267 پابندی کمیٹی کے تحت نامزد دہشت گرد کے طور پر اور جے اے ایم کے سربراہ مسعود اظہر سمیت دہشت گردوں اور پاکستان کے کنٹرول والے دہشت گرد گروپوں کو درج کرنے کی تجویز کی حمایت کرنے کے لئے بین الاقوامی برادری کے تمام اراکین سے اپیل کو پرزور طریقے سے دہرایا ہے ۔بین الاقوامی برادری نے پلوامہ حملے کی سخت مذمت کی ہے ۔

امریکہ، روس، فرانس سمیت ہندوستان کے پڑوسی ممالک سری لنکا، مالدیپ نے اس بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے ۔مالدیپ کے خارجہ امور کے وزیر عبداللہ شاہد نے جموں و کشمیر میں ہندوستانی سیکورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں شہداء اور زخمیوں کے سوگوار خاندانوں کے لئے دعا اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ہندوستان میں امریکہ سمیت مختلف ممالک کے سفیروں نے پلوامہ حملے کی سخت مذمت کی ہے ۔امریکی سفیر کین جسٹر نے ٹویٹ کیاکہ ‘‘ ہندوستان میں امریکی سفارت خانہ جموں و کشمیر میں جمعرات کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے ۔ ہم شہیدوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہندوستان کے شانہ بشانہ موجود ہے۔ روسی سفارت خانے نے کہاکہ ’’ہم دہشت گردی اور اس کے تمام صورتوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ہم ان غیر انسانی کارروائیوں کا مقابلہ فیصلہ کن اور اجتماعی عزم کے ساتھ بغیر کسی دہرے معیار کے ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم متاثرہ کنبوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کا متمنی ہیں‘‘۔ہندوستان میں فرانس کے سفیر الیگزینڈر جیگلر نے ٹویٹ کیاکہ ‘‘فرانس ، ہندوستان کے جموں و کشمیر میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے ۔