6 ضمانتوں کی تکمیل، 4 نئی اسکیمات کا آغاز، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی جامع ترقی کا منصوبہ، یوم جمہوریہ کی رنگارنگ تقاریب سے خطاب
گورنر نے پریڈ کی سلامی لی، چیف منسٹر ریونت ریڈی،ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، اسپیکر پرساد کمار، صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی، عامر علی خاں اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں 76 ویں یوم جمہوریہ تقاریب کا روایتی جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ حیدرآباد میں پریڈ گراؤنڈ پر یوم جمہوریہ کی شایان شان تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں گورنر جشنودیو ورما نے قومی پرچم لہرایا اور خطاب کیا۔ اضلاع میں کلکٹرس نے قومی پرچم لہرایا۔ گورنر جشنودیو ورما نے پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر رنگارنگ پریڈ کی سلامی لی اور نمایاں خدمات پر پولیس اور سیول عہدیداروں کو اعزازات پیش کئے۔ تقریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش مدیراج، ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ٹی ناگیشورراؤ، پونم پربھاکر، رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں، حکومت کے مشیر جناب محمد علی شبیر، نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چنا ریڈی، صدرنشین بی سی کمیشن جی نرنجن، چیف سکریٹری شانتی کماری کے علاوہ عوامی نمائندوں اور پولیس و سیول کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر جشنو دیو ورما نے ریونت ریڈی حکومت کی ستائش کی اور کہا کہ تلنگانہ میں فلاحی اسکیمات کے ذریعہ غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ گورنر نے کہا کہ زراعت ریاست کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور حکومت نے 25 لاکھ سے زائد کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مزدوروں کیلئے حکومت نے امدادی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ 2024 کے دوران 1.59 کروڑ ٹن دھان خریدی گئی۔ خواتین کو مفت بس میں سفر کی سہولت کے نتیجہ میں خواتین نے 4500 کروڑ کی بچت کی ہے۔ 50 لاکھ خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ نوجوانوں کو مختلف کورسیس میں مہارت کیلئے ینگ انڈیا اِسکل یونیورسٹی قائم کی گئی۔ تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت کو فروغ دینے کیلئے جیہ جیہ ہے نغمہ ریاستی گیت کے طور پر اختیار کیا گیا ہے جسے مشہور شاعر اندے سری نے لکھا ہے۔ گورنر نے کہا کہ عوام کی تائید سے ڈسمبر2023 میں حکومت برسر اقتدار آئی اور ہر شہری کے خوابوں کی تکمیل کا عہد کیا ہے۔ کسانوں کی قرض معافی سے متعلق رعیتو بھروسہ اور بے زمین زرعی مزدوروں کیلئے اندراماں آتمیا بھروسہ اسکیمات کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی بھلائی کیلئے فارمرس ویلفیر کمیشن قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر کی سربراہی سے 43 لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے اور حکومت 433.2 کروڑ کی سبسیڈی فراہم کررہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ینگ انڈیا اِسکل یونیورسٹی کے علاوہ راجیو گاندھی سیولس ابھئے ہستم اسکیم متعارف کی گئی ہے جس کے تحت سیول سرویس کے امیدواروں کو ایک لاکھ روپئے کی امداد دی جاتی ہے۔ حکومت نے سرکاری محکمہ جات میں 55 ہزار تقررات کئے ہیں۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن میں اصلاحات کو نافذ کیا گیا ہے اور حکومت تقررات کا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کا عہد کرتی ہے۔ اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ینگ انڈیا فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ تعلیم اور ہیلت کیئر کے شعبہ میں خدمات کو بہتر بنانے کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہاسٹلس میں ڈائیٹ اور کاسمیٹک چارجس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومت ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس قائم کررہی ہے جس کے تحت ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور دیگر طبقات کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔ سماجی انصاف کے تحت بی سی، ایس سی، ایس ٹی، اقلیت اور کمزور طبقات کی سماجی، تعلیمی، معاشی ترقی کے علاوہ روزگار اور سیاست میں مناسب حصہ داری کا پتہ چلانے کیلئے ریاست بھر میں طبقاتی سروے کا اہتمام کیا گیا۔ جاریہ سال پسماندہ طبقات کی بھلائی کیلئے 9200 کروڑ خرچ کئے گئے۔ گورنر نے کہا کہ حکومت ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیت اور خواتین کی جامع ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ رنگاریڈی میں ینگ انڈیا پولیس اسکول قائم کیا گیا جو ملازمین پولیس کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرے گا۔ گورنر نے کہا کہ حکومت نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے اور یوم جمہوریہ سے چار نئی اسکیمات کا آغاز کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ کے تابناک مستقبل اور ترقی کیلئے حکومت نے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ ندی کی بحالی کے علاوہ اطراف کے علاقوں کی ترقی ہو۔ پراجکٹ سے حیدرآباد کی ترقی ہوگی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ ایلویٹیڈ ایکسپریس ویز اور ریجنل رنگ روڈز کی تعمیر سے علاقوں کے بہتر رابطے میں مدد ملے گی۔ گورنر نے کہا کہ ڈاؤس سمٹ میں ایک لاکھ 78 ہزار 950 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات طئے پائے ہیں جو آئی ٹی، قابل تجدید توانائی، فارما سیوٹیکلس اور دیگر شعبہ جات میں رہے گی جس کے تحت 49500 روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ فیوچر سٹی کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ فورتھ سٹی میں 200 ایکر پر آرٹیفیشل انٹلیجنس سٹی قائم کی جائے گی۔ کلین اینڈ گرین اِنرجی پالیسی 2025 کا مقصد عوام کو برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت مرکزی حکومت کے ساتھ خوشگوار روابط پر یقین رکھتی ہے تاکہ وفاقی نظام کو استحکام حاصل ہو۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات میں تلنگانہ ملک کیلئے مثالی ریاست بن جائے گا۔1