ترقی کے نئے دور کی شروعات ، نوجوان طبقہ حکومت کا ساتھ دیں

   

ڈی اروندنے کچھ کام نہیں صرف ہندو مسلم لڑانے کا کام کیا،نظام آباد میں آئی ٹی ہب کا افتتاح ، کے ٹی آر کا خطاب

نظام آباد :9 ؍ اگست ( محمد جاوید علی)وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما رائو نے آج نظام آباد میں کروڑوں روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ آئی ٹی ہب نیاک سنٹر ، شمشان گھاٹ، منی ٹینک بنڈ، کلابھارتی کا سنگھ بنیاد رکھا ۔ کے ٹی آرذریعہ ہیلی کاپٹر نظام آباد پہنچنے پر ضلع کے وزیر پرشانت ریڈی ، ارکان اسمبلی گنیش گپتا ، جیون ریڈی ، شکیل عامر ، مئیر نیتو کرن ، میناریٹی کمیشن چیرمین طارق انصاری ، سابق ریڈکو چیرمین ایس اے علیم کے علاوہ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو ، پولیس کمشنر پروین کمار کے علاوہ دیگر نے ان کا زبردست خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر مسٹر کے ٹی راما رائو نے پالی ٹیکنیک گرائونڈ پر منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ ریاست میں تلنگانہ ترقی بالخصوص نظام آباد کی ترقی کو نظرا نداز کیا گیا تھا ۔ لیکن اب کروڑوں روپئے کی لاگت سے ترقیاتی کاموں انجام دیا جارہاہے۔ 50 کروڑ روپئے کی لاگت سے آئی ٹی ہب کی تعمیر عمل میں لایا گیا اور یہاں کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ۔ 1400 نوجوانوں کو آئی ٹی ہب کے ذریعہ ملازمت فراہم کی جارہی ہے ۔ امریکہ اور دیگر ملکوں میں ملازمتوں کے حصول کیلئے نظام آباد آئی ٹی ہب پہلا تربیتی مرکز ہوگا۔ متحدہ ریاست میں نظام آباد کے کئی قائدین منتخب ہوئے لیکن ضلع کی ترقی کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں کیا ۔ شہر نظام آباد کی ترقی کیلئے بجٹ میں سالانہ 100 کروڑ روپئے علیحدہ طور پر منظور کرنے کے علاوہ ٹی یو ایف آئی سی اسکیم کے تحت علیحدہ طور پر رکن اسمبلی نظام آباد گنیش گپتا ، رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کی نمائندگی پر منظور کئے گئے ۔ کے ٹی راما رائو نے کہا کہ انڈر گرائونڈ ڈرینج کی تعمیر کیلئے 232 کروڑ روپئے ، مشن بھاگیرتا کیلئے 20 کروڑ روپئے ، احمدی بازار انٹیگریٹیڈٹ مارکٹ کی تعمیر کے علاوہ دیگر کئی ترقیاتی کام تیزی کے ساتھ انجام دئیے جارہے ہیں ۔ کے ٹی راما رائو نے کہا کہ آج کے اس جلسہ میں کے کویتا شرکت نہیں کرسکی لیکن میرے ذریعہ نظام آباد کی عوام کو ایک پیام روانہ کرتے ہوئے چیف منسٹر چندر شیکھر رائو سے مزید فنڈس کی منظوری کی نمائندگی کررہی ہے وہ ہمیشہ نظام آباد کی ترقی کیلئے فکر مند رہتی ہیں ۔ مسٹر کے ٹی راما رائو نے رکن پارلیمنٹ نظام آباد اروند پر راست طور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کی عمر 70 سال ہے وہ ان کے والد کی عمر کے برابر ہے لیکن اس کے باوجود بھی کے سی آر کیخلاف زبان درازی کرتے ہیں ہم بھی زبان چلانا جانتے ہیں لیکن ہم اخلاق کے دائرہ سے باہر نکلنا نہیں چاہتے ۔ رکن پارلیمنٹ اروند نظام آباد کی ترقی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جس کی وجہ سے آج کے اس جلسہ میں شریک نہیں ہوئے ۔ اروند نے کوئی کام نہیں کیا اور ان دنوں اگر کچھ کام کیا ہے تو آپس میں ہندومسلمانوں کو لڑانے کا کام کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ رکن اسمبلی نظام آباد گنیش گپتا ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر سنگین حالات میں عوام کی بلامذہب و ملت مدد کی ہے کرونا کے موقع پر ان کے ذریعہ امدادی کاموں کو فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھا ۔ لہذا دوبارہ انہیں کامیاب بنانے کی خواہش کی ۔ اس موقع پر کے ٹی راما رائو سے باسر ٹریپل آئی ٹی کے طلباء نے ملاقات کی اور ان سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی شعبہ میں تیزی کے ساتھ تلنگانہ ترقی کررہا ہے اور بین الاقوامی سطح پر اپنی اس تلنگانہ سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی دکھارہے ہیں لہذا نوجوان طبقہ حکومت کا ساتھ دیں اور نئے دور کی شروعات میں حکومت خصوصی طور پر ان کو مناسب مقام فراہم کرے گی ۔ کے ٹی آر نے آئی ٹی ہب کے کمپنیوں کے نمائندوں اور ملازمین اور روزگار حاصل کرنے والے سے بات چیت کی اور ان سے اس استفادہ کرنے کی خواہش کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نظام آباد اربن بیگالہ گنیش گپتا کے علاوہ ضلع کے وزیر پرشانت ریڈی ، ارکان اسمبلی شکیل عامر ، باجی ریڈی گوردھن ، رکن راجیہ سبھا کے آر سریش ریڈی ، میناریٹی کمیشن کے چیرمین طارق انصاری ، صدر ضلع اقلیتی سیل بی آرایس نوید اقبال ، ٹائون صدر اقلیتی سیل عمران شہزاد، ارشد پاشاہ قائد بی آرایس و دیگر بھی موجو د تھے ۔ کے ٹی آر یہ پروگرام پولیس کی بھاری بندوبست کے دوران انجام دیا گیا ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کے چہارشنبہ کو دورہ نظام آباد کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں کانگریس ، بی جے پی ، بی ایس پی ، ایم بی ٹی اور دوسری جماعتوں کے قائدین کو منگل کی شب گرفتار کرتے ہوئے متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں محروس رکھا گیا۔