ترلوک پوری میں منعقدہ ’جن سنوائی‘ پروگرام میں راہول گاندھی کی شرکت

   

نئی دہلی، 27 اکتوبر (یو این آئی) انڈیا اتحاد کی آئندہ یکم نومبر کو رام لیلا میدان میں ہونے والی ریلی سے قبل کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے منگل کو دہلی کے ترلوک پوری میں منعقدہ ’جن سنوائی‘ پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران راہول گاندھی نے ووٹر فہرستوں کی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) کے معاملے پر لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے ۔ پروگرام میں یوگیندر یادو اور دیپانکر بھٹاچاریہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر راہول گاندھی نے کہا کہ ووٹ دینا ہر ہندوستانی شہری کا حق ہے ، لیکن آج کروڑوں لوگوں سے یہ حق چھینا جا رہا ہے ۔ کانگریس طویل عرصے سے یہ مسئلہ اٹھاتی رہی ہے ، لیکن اب پورا ملک سمجھ رہا ہے کہ مبینہ طور پر اعلیٰ سطح سے ’ووٹ چوری‘ کی جا رہی ہے اور غریبوں کے نام ووٹر فہرستوں سے ہٹائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام لگایا کہ وہ صرف امیروں کا ہندوستان بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ چار پولنگ مراکز سے مبینہ طور پر 416 ووٹروں کے نام غیر قانونی طریقے سے حذف کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی ان سے اس معاملے پر سوالات پوچھے جاتے ہیں تو کوئی جواب نہیں ملتا۔