ترنمول کانگریس فنڈز کیس میں ای ڈی کے چھاپے

   

کولکاتا:(ایجنسیز) ای ڈی نے آج ترنمول کانگریس کے فنڈز سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں مغربی بنگال کے مختلف مقامات پر بیک وقت چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ یہ کارروائی ان تین بینک اکاؤنٹس سے متعلق ہے جن پر گزشتہ ماہ مغربی بنگال پولیس کی ہدایت پر ڈیبٹ پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ ان اکاؤنٹس میں تقریباً 440 کروڑ روپے موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق ای ڈی کی متعدد ٹیمیں مرکزی مسلح پولیس فورس (CAPF) کے اہلکاروں کے ساتھ مختلف مقامات پر تلاشی مہم میں شامل ہوئیں۔ ان میں ایک ایوی ایشن کمپنی کا دفتر بھی شامل تھا، جس پر الزام ہے کہ اس نے انتخابی مہم اور دیگر سرکاری دوروں میں ترنمول کانگریس کی رہنما اور سابق چیف منسٹر ممتا بنرجی اور پارٹی قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی کو چارٹرڈ پروازوں کی سہولت فراہم کی تھی۔